اندرا پارک پر نائب صدر و اسٹیٹ کوآرڈینٹر تلنگانہ پرجا فرنٹ ویدا کمار کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔21فبروری(سیاست نیوز) تلنگانہ مسودہ بل کی راجیہ سبھا اور لوک سبھا میںمنظوری کو مرکزی حکومت کا خوش آئند اقدام قراردیتے ہوئے نائب صدر واسٹیٹ کوارڈینٹر تلنگانہ پرجافرنٹ مسٹر ایم ویدا کمار نے کہاکہ تلنگانہ بل میںدرکار ترمیمات پر عمل ہی علاقہ تلنگانہ کے ساتھ مکمل انصاف ہوگا۔ اندراپارک دھرنا چوک پر منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر ویدا کمار نے کہاکہ تلنگانہ پرجافرنٹ روز اول سے ہی تلنگانہ بل میں ترمیمات کا مطالبہ کررہا ہے انہوں نے سیما آندھرا کے طرز پر تلنگانہ کو بھی درکار مراعات کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔انہوں نے دس اضلاع تک شہر حیدرآباد کو دوریاستوں کا مشترکہ صدر مقام مقرر کرنے کے اعلان کی بھی سختی کے ساتھ مذمت کی اور کہاکہ سیما آندھرا کے لئے صدر مقام کی عاجلانہ نشاندہی سے اس حساس مسئلے کا حل ممکن ہے
انہوں نے شہر حیدرآباد پر گورنر کے کنٹرول کی بھی سختی کے ساتھ مخالفت کی اور کہاکہ شہر حیدرآباد پر گورنر کا مکمل کنٹرول تلنگانہ کی قیادت کو ناقابلِ بھروسہ قراردینے کے مترادف ہوگا۔ مسٹر ایم ویدا کمار نے پولاورم پراجکٹ کو قومی موقف فراہم کرتے ہوئے خانگی گتہ داروں کو بڑے پیمانے پر فائدہ پہنچانے کا مرکزی حکومت پر الزام بھی عائد کیا۔ پروفیسر جی لکشمن نے تلنگانہ بل کی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میںمنظوری کو مرکزی حکومت کا قابلِ مبارکباد اقدام قراردیا۔مسٹر لکشمن نے پولاورم پراجکٹ کے زد میں آنے والے لاکھوں قبائیلیوں سے انصاف کے لئے پولاورم پراجکٹ کے قومی موقف کو تبدیل کرنے کا مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا۔ پروفیسر انور خان‘ این کرشنا‘ منچو رمیش‘ شریمتی دیویندرا کے علاوہ دیگر نے بھی اس پریس کانفرنس میںشرکت کی۔