تلنگانہ بل کو بی جے پی کی تائید کے لیے زور

حیدرآباد۔/11فبروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ پولٹیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے قائدین نے نئی دہلی میں بی جے پی کی سینئر قائد اور لوک سبھا میں قائد اپوزیشن سشما سوراج سے ملاقات کی۔ انہوں نے پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل کی پیشکشی کی صورت میں بی جے پی سے تائید کی درخواست کی۔ صدر نشین جے اے سی پروفیسر کودنڈا رام کی قیادت میں جے اے سی قائدین کے علاوہ ملازمین جے اے سی کے قائدین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ بی جے پی کی جانب سے تلنگانہ بل کی تائید کے مسئلہ پر موقف میں تبدیلی کی اطلاعات کے پس منظر میں یہ ملاقات اہمیت کی حامل ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جے اے سی قائدین نے سشما سوراج کو تلنگانہ عوام کے مسائل اور علحدہ ریاست کے قیام کی ضرورت سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح بی جے پی نے تلنگانہ بل کی تائید کا اعلان کیا تھا

اسی کے مطابق پارلیمنٹ میں بھی تائید جاری رکھی جانی چاہیئے۔ جے اے سی قائدین نے میڈیا میں آنے والی اُن خبروں کا بھی حوالہ دیا جس میں بی جے پی کی جانب سے تائید نہ کئے جانے کی بات کہی جارہی ہے۔ سشما سوراج نے جے اے سی قائدین کو تیقن دیا کہ ان کی پارٹی تلنگانہ بل کی تائید کے موقف پر قائم ہے اور بل کی پیشکشی کی صورت میں مکمل تائید کی جائے گی۔ تاہم انہوں نے سیما آندھرا علاقے کے ساتھ مناسب انصاف کیلئے بعض ترمیمات پیش کرنے کا بھی اشارہ دیا۔ اس ملاقات کے بعد جے اے سی قائدین نے پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل کی کامیابی کو یقینی قرار دیا ہے۔ پروفیسر کودنڈا رام نے کہا کہ لوک سبھا اور راجیہ سبھا دونوں ایوانوں میں تلنگانہ بل کی کامیابی کیلئے درکار تعداد موجود ہے۔ یو پی اے کی حلیف جماعتیں اور بی جے پی کی تائید سے پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل کی کامیابی کے امکانات روشن ہیں۔ جے اے سی کے قائدین دیگر جماعتوں سے بھی ربط قائم کرتے ہوئے تلنگانہ بل کی تائید حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔