حیدرآباد۔/7جنوری، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی نے الزام عائد کیا کہ اسمبلی میں تلنگانہ مسودہ بل پر مباحث کیلئے وائی ایس آر کانگریس پارٹی اور تلگودیشم رکاوٹ پیدا کررہے ہیں۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بزنس اڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں تمام جماعتوں نے بل پر مباحث سے اتفاق کیا تھا لیکن ایوان میں پہنچتے ہی ان کا موقف تبدیل ہوگیا۔ سرینواس ریڈی نے بی اے سی کے اجلاس میں چیف منسٹر کرن کمار ریڈی اور قائد اپوزیشن چندرا بابو نائیڈو کی غیر حاضری کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ دراصل دونوں قائدین کے درمیان میچ فکسنگ ہوچکی ہے
جس کے تحت وہ بل پر مباحث کو روکنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ریاستی اسمبلی کو صرف بل پر اپنی رائے پیش کرنا ہے، یہاں ووٹنگ کی کوئی گنجائش نہیں۔ صدر جمہوریہ نے مسودہ بل پر ایوان کی رائے پیش کرنے کی ہدایت دی اور 23جنوری تک کی مہلت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیما آندھرا کے ارکان مسودہ بل میں ترمیمات کی مانگ کررہے ہیں حالانکہ اسمبلی کو ترمیمات کا کوئی اختیار نہیں۔ اس بل پر ترمیمات کا اختیار صرف پارلیمنٹ کو حاصل ہے۔انہوں نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فبروری میں ہونے والے پارلیمنٹ سیشن میں تلنگانہ بل کی منظوری کو یقینی بنائیں۔