تلنگانہ بل پر ریاستی حکومت کا دوہرا معیار

حیدرآباد 6 جنوری ( این ایس ایس ) تلنگانہ تلگودیشم قائدین نے الزام عائد کیا کہ تنظیم جدید آندھرا پردیش کے بل پر ریاستی حکومت دوہرا معیار اختیار کر رہی ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت بل پر ایوان میں مباحث کروانے کیلئے تیار ہی نہیں ہے ۔ اسمبلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے تلگودیشم لیڈر ای دیاکر راؤ نے الزام عائد کیا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی تقسیم ریاست کے مسئلہ پر مضحکہ خیز دلائل پیش کر رہی ہے ۔ انہوں نے یاد دہانی کروائی کہ آنجہانی چیف منسٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے ہی سب سے پہلے تلنگانہ کی تائید میں مکتوب روانہ کیا تھا ۔

ایسے میں اب اس پارٹی کیلئے مناسب نہیں ہے کہ وہ اسمبلی میں بل پر مباحث کو روکنے ہنگامہ آرائی کرے ۔ انہوں نے وائی ایس آر کانگریس ارکان اسمبلی پر زور دیا کہ اگر وہ حقیقت میں چاہتے ہیں کہ ایوان میں سمیکھیا آندھرا قرار داد منظور کی جائے تو انہیں تلنگانہ بل پر مباحث میں حصہ لینا چاہئے ۔ مسٹر دیاکر راؤ نے کہا کہ اگر اسپیکر اسمبلی ایوان کو چلانے میں ناکام ہوجاتے ہیں تو یہ دستور کی خلاف ورزی ہوگی ۔ انہو ںنے کہا کہ اسپیکر کو چاہئے کہ وہ اپنے اختیارات استعمال کریںا ور ایوان میں ہنگامہ آرائی کرنے والے ارکان کو ایوان سے باہر کرتے ہوئے ایوان میں نظم بحال کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسپیکر کو اس بل کے تعلق سے صدر جمہوریہ کے احکام کی پابندی کرنی چاہئے ۔ دیاکر راؤ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سیما آندھرا کے تلگودیشم قائدین مباحث میں حصہ لینے تیار ہیں اگر حکومت درکار اطلاعات فراہم کرے ۔