حیدرآباد۔/26جنوری، ( این ایس ایس ) اے آئی سی سی جنرل سکریٹری اور انچارج آندھرا پردیش پارٹی اُمور ڈگ وجئے سنگھ نے دہلی میں کہا کہ انہیں معلوم ہوا ہے کہ چیف منسٹر کرن کمار ریڈی نے اسپیکر اسمبلی کو نوٹس دی ہے کہ وہ اے پی اسٹیٹ ری آرگنائزیشن بل 2013ء کو مسترد کرنے کے لئے سرکاری قرارداد پیش کرنے کی اجازت دی جائے ۔انہوں نے کہا کہ اس بل کو صرف اسمبلی کی رائے معلوم کرنے کیلئے روانہ کیا گیا ہے۔ وزیر کے جانا ریڈی سے ملاقات کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈگ وجئے سنگھ نے کہاکہ بزنس اڈوائزری کمیٹی زیر قیادت ریاستی اسمبلی اسپیکر اس سلسلہ میں فیصلہ کرے گی۔ چیف منسٹر کی رائے میں کوئی نئی بات نہیں ہے کہ بل میں غلطیاں موجود ہیں۔ بل میں اگر مسائل ہیں تو اس میں ترمیم کئے جانے کا امکان ہے۔
دستور کے دفعات کے مغائر جو بھی غلطیاں و خامیاں ہوں گی درست کرلیا جائے گا۔ یہ خوش آئند بات ہے کہ اسمبلی کے 80فیصد سے زائد ارکان نے بل پر بحث میں حصہ لیا ہے۔ انہوں نے بحث میں حصہ لینے والے ارکان اسمبلی سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ راجیہ سبھا انتخابات میں امیدواروں کی نامزدگی کے لئے کوئی خاص رہنمایانہ خطوط نہیں ہیں۔ ریاست اور پارٹی کے مفادات کو ملحوظ رکھ کر امیدواروں کو منتخب کیا جائے گا۔