تلنگانہ بل میں ترمیم پر زور، آج یادداشت پیش کرنے کی ہدایت

حیدرآباد /9 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ کے ارکان اسمبلی نے تلنگانہ مسودہ بل میں 9 نکات کی ترمیم کے لئے اسپیکر اسمبلی این منوہر کو ایک یادداشت پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ اسپیکر اسمبلی نے تمام ارکان اسمبلی کو 10 جنوری کی دوپہر ایک بجے تک مسودہ بل میں ترمیم کے لئے تحریری طورپر یادداشت پیش کرنے کی ہدایت دی تھی۔ باوثوق ذرائع کے بموجب تلنگانہ کے ارکان اسمبلی نے حیدرآباد کو دس سال تک دونوں ریاستوں کا مشترکہ صدر مقام بنانے کی مخالفت کی ہے اور دونوں ریاستوں میں علحدہ عدلیہ کے قیام اور گورنر کے اختیارات پر سخت اعتراض کیا ہے، جب کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور وظائف کی تقسیم میں یکسانیت کی برقراری پر زور دیا ہے۔

انھوں نے ریاست کی تقسیم کے بعد اتر پردیش اور بہار کے طرز پر نئے کارپوریشنس، کمپنیوں کے قیام اور برقی مختص کرنے کے علاوہ قومی پالیسی پر عمل آوری، ایمس کے طرز پر حیدرآباد و علاقہ تلنگانہ میں سوپر اسپیشل ہاسپٹلس اور این ٹی پی سی کے تحت چار ہزار میگاواٹ پر مشتمل برقی پلانٹ کے قیام کے مطالبہ کا فیصلہ کیا ہے۔ اس یادداشت میں تعلیمی اداروں میں مشترکہ داخلوں کو صرف پانچ سال تک محدود کرنے، تلنگانہ مسودہ بل میں کوئی ترمیم یا اس کے نکات پر رائے دہی نہ کرانے اور تلنگانہ میں ویٹرنری یونیورسٹی کے قیام کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔