تلنگانہ بل دوبارہ اسمبلی و پارلیمنٹ میں پیش ہوگا

ریاست کی تقسیم رک جائے گی، کرن کمار ریڈی کا ادعا

کیڈیم (مشرقی گوداوری) ۔ 3 مئی (آئی این این) سابق چیف منسٹر اور جئے سمیکیا آندھرا پارٹی کے صدر این کرن کمار ریڈی نے آج دعویٰ کیا کہ آندھراپردیش کی تقسیم رک جائے گی۔ یہاں ایک روڈ شو سے مخاطب کرتے ہوئے کرن کمار ریڈی نے کہا کہ مرکز نے آندھراپردیش اسٹیٹ ری آرگنائزیشن بل کو منظور کرنے میں قواعد کی خلاف ورزی کی ہے اور یہ سپریم کورٹ میں کالعدم ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قانون کے کئی ماہرین بشمول بی جے پی کے سینئر قائد ارون جیٹلی نے اس خیال کا اظہار کیا کہ ریاست کی تقسیم کیلئے کانگریس زیرقیادت یو پی اے حکومت کی جانب سے جو طریقہ کار اپنایا گیا وہ کسی قانون کی عدالت میں نہیں ٹھہر پائے گا۔ اس طرح انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ تلنگانہ بل کو پھر سے آندھراپردیش اسمبلی اور پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں پیش کرتے ہوئے اس پر مباحث کئے جائیں گے۔ ان کی پارٹی کو ووٹ دینے کی عوام سے اپیل کرتے ہوئے کرن کمار ریڈی نے کہا کہ ان کی پارٹی ریاست کی تقسیم کو روکنے میں اہم رول ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس مسئلہ پر سپریم کورٹ کے قطعی فیصلہ تک ریاست کی تقسیم کو قبول کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔