تلنگانہ بجٹ کی تشکیل سے قبل ریاست کی آمدنی میں اضافہ خوش آئند

آمدنی والے محکمہ جات پر خصوصی توجہ ، کمرشیل ٹیکس کا نشانہ 80 فیصد مکمل
حیدرآباد۔19فبروری ( سیاست نیوز ) تلنگانہ کے بجٹ برائے 2016-17ء کی تشکیل سے قبل حکومت کی آمدنی میں اضافہ ہوا ہے ۔ ریاست کی موجودہ معاشی صورتحال کے پس منظر میں اس اضافہ کو خوش آئند قرار دیا جارہا ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سرکاری خزانہ میں اضافہ کیلئے اہم محکمہ جات کی آمدنی میں جاریہ سال اضافہ ہوا ہے ۔ محکمہ کمرشیل ٹیکسیس ‘ اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن اور اکسائز کی آمدنی میں قابل لحاظ اضافہ ہوا جس سے حکومت کو آئندہ سال بجٹ کی تیاری میں مدد ملے گی ۔ جن محکمہ جات سے آمدنی میں اضافہ کی گنجائش ہے اُن پر خصوصی توجہ دی جاسکتی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ کمرشیل ٹیکسیس کی آمدنی میں 16فیصد ‘ رجسٹریشن و اسٹامپ کی آمدنی میں 25فیصد اور اکسائز کی آمدنی میں 20فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ جن محکمہ جات کو حکومت آمدنی کا اہم ذریعہ تصور کرتی ہے اُن میں محکمہ کمرشیل ٹیکسیس اپنی آمدنی کے اضافہ کے ذریعہ دیگر محکمہ جات سے سرفہرست ہے ۔ محکمہ کمرشیل ٹیکس کے عہدیداروں نے آمدنی میں اضافہ کیلئے حالیہ عرصہ میں جس خصوصی مہم کا آغاز کیا تھا اس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں ۔ ویاٹ ‘ سی ایس ٹی اور دیگر ٹیکسیس کی وصولی کیلئے خصوصی مہم چلائی گئی تھی ۔ اس محکمہ کو مختلف ٹیکسیس سے ہر ماہ مزید 300 کروڑ کی آمدنی میں اضافہ کا امکان ہے ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائی سے آمدنی میں اضافہ ہوا ہے ۔ حکومت محکمہ اکسائز سے سالانہ 36,906 کروڑ کی آمدنی کا نشانہ رکھتی ہے ۔ محکمہ کمرشیل ٹیکسیس نے جو نشانہ مقرر کیا تھا اس کی 80فیصد تک تکمیل ہوئی ہے ۔ ریاستی حکومت مذکورہ محکمہ جات کی آمدنی میں اضافہ سے مطمئن ہے اور وہ مستقبل میں مزید اضافہ کیلئے اقدامات کرے گی ۔