تلنگانہ بجٹ سیشن کے انتظامات جاری

معتمد مقننہ کی چیف منسٹر سے ملاقات ، مختلف امور پر تبادلہ خیال
حیدرآباد ۔ 4 ۔ اکٹوبر : ( این ایس ایس ) : تلنگانہ معتمد مقننہ ڈاکٹر راجہ سدا رام نے ریاستی مقننہ کے بجٹ سیشن کے 20 اکٹوبر سے آغاز کے پیش نظر آج چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے سکریٹریٹ میں ملاقات کی ۔ مجوزہ سیشن کے پر سکون انداز میں انعقاد کے لیے کئے جانے والے انتظامات پر ڈاکٹر سدارام نے چیف منسٹر سے تبادلہ خیال کیا ۔ باور کیا جاتا ہے کہ مسٹر چندر شیکھر راؤ نے انہیں ہدایت کی کہ تلنگانہ اسمبلی اور کونسل کے پہلے بجٹ سیشن کے انعقاد کے عمل کو تیز تر کیا جائے ۔ بجٹ سیشن تقریبا چار ہفتوں تک جاری رہے گا ۔ 23 اکٹوبر کو ہونے والے دیپاولی تہوار کے موقع پر اجلاس کو تین دن کی تعطیلات رہیں گی ۔ ڈاکٹر سدارام نے چیف منسٹر کو مطلع کیا کہ بجٹ سیشن کے لیے تیزی کے ساتھ انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزراء ، ارکان اسمبلی ، ارکان کونسل اور اہم شخصیات کو کار پارکنگ کے لیے پاسیس جاری کئے جارہے ہیں ۔ ملاقات کے دوران دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔۔