حیدرآباد۔/18فبروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے بجٹ سیشن کا آئندہ ماہ 2مارچ سے انعقاد متوقع ہے اور بتایا جاتا ہے وزیر فینانس ریاست تلنگانہ مسٹر ای راجندر 9مارچ کو ریاست تلنگانہ کا سال2015-16کیلئے تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں بجٹ پیش کریں گے۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ ریاستی وزراء اور ان کے اعلیٰ عہدیداران محکمہ جات کے ساتھ بجٹ تیاری کیلئے وزیر فینانس مسٹر ای راجندر نے اجلاسوں کا انعقاد عمل میں لاتے ہوئے بجٹ کو قطعیت دینے کے عمل کا آغازکردیا ہے اور بتایا جاتا ہے کہ ریاستی بجٹ کی تیاری جاری ماہ کے اختتام تک مکمل کرلی جائے گی اور پھر بجٹ کی چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے ذریعہ رسمی منظوری حاصل کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ وزیر فینانس مسٹر ای راجندر کی جانب سے 9مارچ کو تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں ریاستی بجٹ برائے سال 2015-16 کی پیشکش متوقع ہے۔
تلنگانہ میں سوائن فلو کے
30 تازہ کیس
حیدرآباد۔/18فبروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں سوائن فلو کے 30تازہ کیس درج کئے گئے ہیں جبکہ اس وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 46ہوگئی ہے۔ رواں سال یکم جنوری سے 17فبروری تک 3469 نمونوں کا معائنہ کیا گیا ان کے منجملہ 1128 افراد میں پازیٹیو پایا گیا۔ دیگر اموات کی وجہ پیچیدہ امراض تھی جبکہ سوائن فلو سے مرنے والوں کی تعداد 46بتائی گئی ہے۔ کل ہی ڈاکٹروں نے 124افراد کے خون کے معائنے کئے جن میں سے 30افراد کو سوائن فلو کے وائرس سے متاثرہ قرار دیا گیا۔