تلنگانہ بار کونسل کے کل انتخابات

86 امیدوار میں 9 مسلم امیدوار بھی شامل ، وحید احمد ایڈوکیٹ پر وکلاء کی توجہ مرکوز
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ اسٹیٹ بار کونسل کے انتخابات کا 29 جون کو انعقاد عمل میں آئے گا ۔ علحدہ تلنگانہ میں بار کونسل کے پہلی مرتبہ انتخابات منعقد ہورہے ہیں جو مسلم وکلاء کے لیے کافی اہمیت رکھتے ہیں ۔ امید ہے کہ تقریبا 21000 رائے دہندے ( وکلاء ) رائے دہی میں حصہ لے کر 86 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے ۔ ان 21 ہزار رائے دہندوں میں زائد از 1450 مسلم رائے دہندے بھی شامل ہے جو 25 امیدواروں کے بار کونسل کے رکن بننے میں اہم کردار ادا کریں گے ۔ اس مقابلہ میں 9 مسلم امیدوار بھی پورے اہتمام کے ساتھ حصہ لے رہے ہیں کوئی دولت کے زور پر تو کوئی دیانتداری اور محنت کے زور پر انتخابات میں حصہ لے رہا ہے ۔ اہم امیدواروں میں جن پر ریاست کے وکلاء برادری کی توجہ مرکوز ہے ۔ وحید احمد ایڈوکیٹ سیرئیل نمبر 83 بھی شامل ہیں وہ تلنگانہ مسلم ایڈوکیٹس فورم کے صدر اور ایڈوکیٹ فورم فار جسٹس کے جنرل سکریٹری کے ساتھ ساتھ ریاستی وقف بورڈ کے رکن کی حیثیت سے نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ سال 2007 میں شعبہ وکالت میں قدم رکھنے والے وحید احمد ایڈوکیٹ نے وکلاء برادری اور عوام میں اپنی دیانتداری ، حسن سلوک اور سخت محنت کے ذریعہ ایک علحدہ اور منفرد مقام بنالیا وہ حکمراں ٹی آر ایس کے ایک سرگرم قائد ہیں اور چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے بھی قربت رکھتے ہیں ۔ ابتداء سے ہی انہوں نے وکلاء برادری بالخصوص مسلم وکلاء کے مسائل کے حل میں دلچسپی لی ۔ ان کی خدمات اور جذبہ ملی کو دیکھتے ہوئے ریاست کے سینئیر و جونیر وکلاء کی ایک کثیر تعداد نے اس مرتبہ انہیں تلنگانہ بار کونسل کے انتخابات میں حصہ لینے پر راضی کیا ۔ وحید احمد ایڈوکیٹ کے مطابق وہ خالص وکلاء برادری کی خدمت ان کی بہبود کے مقصد سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں ۔ تلنگانہ تحریک میں انہوں نے سرگرم حصہ لیا اور مسلم وکلاء کو بھی علحدہ ریاست کی تحریک کا حصہ بنایا خود کے سی آر نے تلنگانہ مسلم ایڈوکیٹ فورم کا آغاز کیا تھا اور فورم نے علحدہ تلنگانہ تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔ وحید احمد ایڈوکیٹ کے مطابق وہ انتخابات میں دولت کے بل بوتے پر حصہ نہیں لے رہے ہیں بلکہ سچائی ، محنت ، دیانتداری ، ہمدردی اور ایثار خلوص کی بنیاد پر وہ انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں ۔ ایسے میں وہ وکلاء برادرس سے اپیل کرتے ہیں کہ دولت پر دیانتداری سستی شہرت پر سچائی و محنت اور ریاکاری پر ہمدردی و ایثار و خلوص کو ترجیح دے کر پہلا ترجیحی ووٹ ان کے حق میں استعمال کریں ۔ سینئیر وکلاء کے خیال میں وحید احمد ایڈوکیٹ ایک طاقتور امیدوار ہیں اور ان کی کامیابی کے امکانات بھی زیادہ پائے جاتے ہیں ۔۔