تلنگانہ ایڈ سیٹ 2015 کا 6جون کو انعقاد

حیدرآباد۔/4جون، ( آئی این این ) عثمانیہ یونیورسٹی کے زیر اہتمام تلنگانہ میں ایجوکیشن کامن انٹرنس ٹسٹ ( ٹی ایس۔ ایڈ سیٹ 2015) 6جون کو صبح 11تا ایک بجے دن کے درمیان منعقد ہوگا۔ اس ضمن میں ٹی ایس ۔ ایڈ سیٹ 2015 کمیٹی کا اجلاس عثمانیہ یونیورسٹی میں آج منعقد ہوا جس میں چیرمین تلنگانہ اسٹیٹ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن پروفیسر ٹی پاپی ریڈی ، رجسٹرار عثمانیہ یونیورسٹی پروفیسر ای سریش کمار، وائس چیرمین کونسل پروفیسر ایس ملیش اور کنوینر پروفیسر پی پرساد اور عثمانیہ کے علاوہ تلنگانہ کے دیگر یونیورسٹیز کے ارکان نے شرکت کی۔ دوران اجلاس ٹی ایس ایڈ سیٹ اجلاس میں کئی اہم اُمور پر غور و خوض کے بعد فیصلے لئے گئے جس میں بالخصوص بی ایڈ کورس کی میعاد دو سال مقرر کی گئی جس پر عمل آوری جاریہ تعلیمی سال سے ہوگی۔ جبکہ بی ای اور بی ٹیک گریجویشن کو میتھامیٹکس اور فزیکل سائنس میتھاڈالوجی کے ساتھ بی ایڈ کیلئے اہل قرار دیا گیا ہے اس کے علاوہ بی ایڈ میں اپنی مرضی کے مطابق مضمون کے انتخاب کی بھی سہولت رہے گی۔ درخواستوں کا ادخال بذریعہ آن لائن رہے گا۔ اس سلسلہ میں 12مارچ کو ٹی ایس ۔ ایڈ سیٹ 2015 کا اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ آن لائن ادخال درخواست کا آغاز 16مارچ سے ہوگا۔ رجسٹریشن فیس 300روپئے رکھی گئی ہے جبکہ ایس سی؍ ایس ٹی امیدواروں کو رجسٹریشن فیس صرف 150روپئے رہے گی۔ درخواست رجسٹریشن فیس ٹی ایس آن لائین؍ اے پی آن لائن؍ می سیوا؍ ای سیوا کے ذریعہ داخل کی جاسکتی ہیں جبکہ کریڈیٹ؍ ڈیبٹ کارڈ کے ذریعہ تلنگانہ یا اے پی میں پے منٹ کیا جاسکتا ہے۔ آن لائن رجسٹریشین اور ادخال فیس کی آخری تاریخ 7مئی مقرر کی گئی ہے جبکہ 500 روپئے دیرینہ فیس کے ساتھ 14مئی اور ایک ہزار روپئے دیرینہ فیس کے ساتھ 21مئی قطعی اور آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ 31مئی سے بذریعہ ویب سائٹ www.tsedcet.org سے ہال ٹکٹس ڈاؤن لوڈ کئے جاسکتے ہیں۔ انٹرنس ٹسٹ 6جون کو منعقد ہوگا اور نتائج کا 25جون کو اعلان کیا جائے گا۔ یہ ٹسٹ تلنگانہ ریاست کے10اضلاع میں واقع مراکز حیدرآباد، نظام آباد، نرمل، کریم نگر، سدی پیٹ، ورنگل، جنگاؤں، کھمم، کتہ گوڑم، نلگنڈہ، سوریہ پیٹ، محبوب نگر، ونپرتی میں بیک وقت منعقد ہوں گے۔ ٹسٹ سے متعلق مزید معلومات 16مارچ کو ویب سائیٹ tsedcet.org پر دستیاب رہیں گی۔