تلنگانہ این جی اوزکا آج مجلس عاملہ کا اجلاس

تنخواہوں پر نظر ثانی پر اظہار اطمینان ، چیف منسٹر سے اظہار تشکر
حیدرآباد ۔ 9 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ نان گزیٹیڈ آفیسر یونین کی عاملہ کا ایک اہم اجلاس کل منعقد ہوگا ۔ اس اجلاس میں تلنگانہ ریاست کے ملازمین کی توقعات کے مطابق تنخواہوں میں اضافہ ( پے اسکیلس پر نظر ثانی ) کرنے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے اعلان پر اظہار تشکر کیا جائے گا ۔ مسرس دیوی پرساد صدر اور کے رویندر ریڈی جنرل سکریٹری تلنگانہ ین جی اوز یونین نے یہ بات بتائی اور کہا کہ ہر ضلع میں ملازمین کو تلنگانہ کی ترقی میں از سر نو اپنے آپ کو شامل کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ علاوہ ازیں ملازمین تلنگانہ کو ہر سطح پر جوابدہ بنانے کے مقصد سے منڈل و ضلع سطح پر ٹی این جی اوز یونین کانفرنس منعقد کرے گی ۔ ان قائدین نے ہر کانفرنس اور برقی این جی اوز یونین کے اجلاس میں چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے اظہار تشکر کرتے ہوئے باقاعدہ طور پر قرار دادیں بھی منظور کی جائیں گی اور ساتھ ہی ساتھ تلنگانہ حکومت کی جانب سے شروع کردہ مختلف پروگراموں و اسکیمات کی اہمیت و افادیت اور عوامی فوائد سے متعلق ملازمین کو واقف کروایا جائے گا ۔ بلکہ ان تمام اسکیمات و پروگراموں کی ملازمین کے ذریعہ بھی بڑے پیمانے پر تشہیر کروائی جائے گی ۔ مسٹر دیوی پرساد نے بتایا کہ سرکاری ملازمین تلنگانہ کے سرویس رولس ، شرائط و ضوابط ( قواعد و ضوابط ) میں تبدیلیاں لانے اور دیگر اہم امور سے متعلق ہر ضلع میں منعقد کئے جانے والے ٹی این جی اوز یونین کانفرنسوں میں تفصیلی طور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔۔