حیدرآباد۔ 29 اگست (سیاست نیوز) سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر اور کویت میں مقیم تلنگانہ باشندوں کی تنظیم تلنگانہ این آر آئیز فیڈریشن نے تلنگانہ حکومت کی جانب سے این آر آئیز کی بہبود کے لیے 150 کروڑ روپئے مختص کرنے پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو سے اظہار تشکر کیا۔ تنظیم کے نائب صدر یوسف امجد نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس دور حکومت میں حیدرآباد میں امن و ضبط کی صورتحال قابو میں ہے اور خلیجی ممالک میں این آر آئیز چین و سکون کی زندگی بسر کررہے ہیں۔ تلنگانہ ریاست کو فرقہ واریت سے پاک قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے گنگاجمنی تہذیب کو فروغ دیتے ہوئے فسادات کا خاتمہ کیا ہے۔ فیڈریشن کے ذمہ داروں نے تلنگانہ کی ترقی میں حصہ لیتے ہوئے سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت اس سلسلہ میں بہتر مواقع اور رعایتیں فراہم کرے گی۔ فیڈریشن نے آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس کی تائید کا اعلان کیا ہے۔ فیڈریشن کے قائدین شرف الدین انور، میر عارف علی، سید عزیز، محمد علی نیر، خالد حسین، سریدھر اور محمود بلشرف اس موقع پر موجود تھے۔