28فروری سے آن لائن فارمس کا ادخال، شیڈول جاری
حیدرآباد۔/24 فبروری، ( سیاست نیوز) صدورنشین تلنگانہ اسٹیٹ کونسل برائے اعلیٰ تعلیم مسٹر پاپی ریڈی نے ’’تلنگانہ ایمسیٹ 2016 ‘‘ کا شیڈول جاری کیا جس کے مطابق باقاعدہ ایمسیٹ 2016 کا اعلامیہ کل 15فبروری کو جاری کیا جائے گا۔ ایمسیٹ 2016 کا 2مئی کو انعقاد عمل میں آئے گا۔ ایمسیٹ 2016 میں شرکت کے خواہشمند طلباء و طالبات اپنے درخواست فارمس 28فبروری سے آن لائن داخل کرسکتے ہیں اور کسی جرمانہ کے بغیر درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ 28مارچ ہوگی جبکہ 500 روپئے جرمانہ کے ساتھ درخواست 3اپریل تک داخل کی جاسکتی ہے۔ آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ کونسل برائے اعلیٰ تعلیم مسٹر پاپی ریڈی اور کنوینر ایمسیٹ 2016 ڈاکٹر این وی رمنا راؤ نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہزار روپئے جرمانہ کے ساتھ 13اپریل اور 5000 روپئے جرمانہ کے ساتھ 22 اپریل، دس ہزار روپئے جرمانہ کے ساتھ 29 اپریل تک ایمسیٹ 2016 کیلئے درخواستیں پیش کی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایمسیٹ امیدواروں کو اپنی درخواستیں پیش کرنے کے بعد کسی غلطی کی صورت میں 3اپریل تا 13اپریل ان غلطیوں کو دور کرنے کا موقع فراہم رہے گا۔
ایمسیٹ 2016 کے ہال ٹکٹس امیدوار 24تا30اپریل ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایمسیٹ 2016 کا 2مئی کو انعقاد عمل میں آئے گا۔ اس طرح 2مئی کو صبح 10بجے تا ایک بجے دوپہر انجینئرنگ ٹسٹ اور دوپہر ڈھائی بجے تا شام ساڑھے پانچ بجے میڈیسن و اگریکلچرل ٹسٹ منعقد ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ 3مئی کو ایمسیٹ 2016کی ابتدائی ’ کی ‘ جاری کی جائے گی اور KEY سے متعلق اعتراضات 9مئی تک قبول کئے جائیں گے جبکہ 12مئی کو ایمسیٹ رینکس کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایمسیٹ 2016 کیلئے امتحانی فیس کا بھی تعین کیا گیا۔ ایس سی، ایس ٹی طلباء کیلئے250 روپئے اور دیگر تمام طلباء کیلئے 500روپئے فیس ادا کرنا ہوگا۔ مسٹر پاپی ریڈی نے بتایا کہ پہلی مرتبہ او ایم آر ٹسٹ کی کاپی طلباء کو فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ انہوں نے اخباری نمائندوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایک منٹ بھی تاخیر سے آنے والے طلباء کو امتحانی مرکز میں داخل ہونے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ طلباء کی بہتری کیلئے ہی کیا گیا ہے۔ ہر امتحانی مرکز پر گھڑی آویزاں کرتے ہوئے وقت پر نظر رکھی جائے گی۔ لہذا طلباء سے قبل از وقت اپنے امتحانی مرکز پہونچ جانے کی خواہش کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ آنے والے سال میں بہر صورت میڈیکل انٹرنس ٹسٹ آن لائن ہی رہے گا۔ ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے مسٹر رمنا راؤ نے بتایا کہ آندھرا پردیش ریاست سے تعلق رکھنے والے طلباء کیلئے کوداڑ، کوتہ گوڑم، محبوب نگر، ونپرتی میں ایمسیٹ مراکز قائم کئے گئے۔