ادارہ سیاست سے تحفہ ، جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست کی مبارکباد
حیدرآباد ۔ 28 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : سال حال تلنگانہ ریاست میں ایم بی بی ایس میں داخلے کے لیے انٹر بی پی سی امیدواروں کو تین ایمسیٹ لکھنا پڑا ۔ تلنگانہ ریاست کے مسلم اسٹیٹ ٹاپر ذیشان احمد جلیلی نے چوتھا رینک پایا ۔ ان کا ایمسیٹ I میں رینک 6، ایمسیٹ II میں 35 ، اور ایمسیٹ III میں 4 رینک لاکر عثمانیہ میڈیکل کالج حیدرآباد میں ایم بی بی ایس میں پہلی ویب کونسلنگ کے ذریعہ داخلہ حاصل کیا ۔ داخلے پر انہوں نے اپنے والد جناب کلیم احمد جلیلی اور ڈاکٹر سید غوث الدین کے ہمراہ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست سے ملاقات کی اور جناب زاہد علی خاں نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے ادارہ سیاست کی جانب سے تحفہ پیش کیا اور گلپوشی کی اور ایم بی بی ایس کے بعد اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے اور سیول سرویس کے ذریعہ آئی اے ایس کرنے کا مشورہ دیا جس پر ذیشان احمد جلیلی نے کہا کہ ان کا مستقبل کا منصوبہ سیول سرویس کا ہے وہ میڈیکل ایم بی بی ایس کی تعلیم کے ساتھ اس امتحان کے لیے بھی تیاری کریں گے ۔ کامیابی کے حصوں پر انہوں نے اس کو اپنے والدین کی دعا قرار دیا جب کہ یہ 18 گھنٹے سخت محنت سے پڑھائی کیے جب ایمسیٹ بار بار ملتوی ہوا اور تیسری مرتبہ ایمسیٹ کا اعلان ہوا تب انہوں نے تشویش میں مبتلا ہونے کے بجائے اس کو اللہ کی مرضی قرار دیتے ہوئے اس نظریہ کے ساتھ تیاری کی کہ اللہ جو بھی کرے گا اچھا کرے گا چنانچہ ان کا رینک ایمسیٹ II کے 35 سے بھی شاندار ایمسیٹ III میں اسٹیٹ 4 رینک آیا ۔ یہ ہونہار طالب علم آل سینٹ ہائی اسکول سے ایس ایس سی کیے ان کے والد کلیم احمد جلیلی ادارہ سیاست کی بی یو ایم ایس انٹرنس ٹسٹ کی کوچنگ کلاس میں اپنے خدمات گذشتہ گیارہ برسوں سے دے رہے ہیں ۔ ڈاکٹر سید غوث الدین سابق مشیر یونانی حکومت اے پی کے مشورے ان کے ساتھ ہیں ۔ اس دفعہ ایمسیٹ III کے امتحانی سوالی پرچے کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے اس ہونہار طالب علم نے بتایا کہ پرچہ نہ آسان تھا نہ ہی مشکل بلکہ سوالات میں غلطیاں پائی گئی اور کیمسٹری کے سوالی پرچے میں نصاب سے ہٹ کر سوالات پوچھے گئے ۔ اس موقع پر جناب ظہیر الدین علی خاں منیجنگ ایڈیٹر سیاست نے شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے طالب علم اور ان کے والد سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ ایم ایس جونیر کالج سے انہوں نے انٹر اور ایمسیٹ کوچنگ حاصل کی ۔ ان کے نتیجہ کے بعد سے ہی انہیں مسلسل مبارکبادیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ اس موقع پر فصیح الدین ( چھوٹو ) اور ایم اے حمید موجود تھے ۔۔