حیدرآباد۔13 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ ایس ایس سی نتائج میں کامیابی کا فیصد غیر معمولی رہا اور جملہ 92.43 فیصد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ۔ پرنسپل سیکریٹری محکمہ تعلیم ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے ایس ایس سی نتائج جاری کرتے ہوئے بتایا کہ جملہ 5لاکھ 52ہزار280 طلبہ نے ایس ایس سی امتحانات میں حصہ لیا تھا جن میں 40 ہزار 526خانگی امیدوار شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریگولر امیدواروں میں 92.43 فیصد طلبہ نے کامیابی حاصل کی جن میں لڑکیوں کی کامیابی کا فیصد 93.68 رہا اور لڑکوں کی کامیابی کا فیصد 91.18 رہا ۔ لڑکیوں نے لڑکوں پر 2.5 فیصد زائد تعداد میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے سبقت حاصل کرلی ۔ خانگی امیدواروں کا جملہ کامیابی کا فیصد 56.53 رہا جن میں 53.65 فیصد لڑکوں اور 61.40فیصد لڑکیوں نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے لڑکوں پر سبقت حاصل کرلی ۔ خانگی امیدواروں میں 7.75 فیصد زائد لڑکیوں نے کامیابی حاصل کی ہے۔ ڈاکٹر بی جنار دھن ریڈی نے بتایا کہ ریاست کے جملہ 4ہزار374 اسکولوں کے نتائج 100 فیصد رہے جبکہ 9اسکولوں کے نتائج صفر ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں جگتیال ضلع کا نتیجہ سب سے بہتر رہا جہاں 99.73فیصد طلبہ نے کامیابی حاصل کی جبکہ دوسرے نمبر پر ضلع سدی پیٹ ہے جہاں پر 99.33 فیصد طلبہ نے کامیابی حاصل کی ہے۔
( سلسلہ صفحہ 10 )