تلنگانہ آئندہ دو برسوں میں برقی پیداوار میں خود مکتفی

کھمم میں برقی پلانٹ کا سنگ بنیاد ، چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کا خطاب
حیدرآباد۔/28مارچ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے دعویٰ کیا کہ آئندہ دو برسوں میں تلنگانہ ریاست برقی کی پیداوار کے سلسلہ میں خود مکتفی ہوجائے گی اور اس کا شمار فاضل برقی رکھنے والی ریاستوں میں ہوگا۔ چیف منسٹر نے آج ضلع کھمم کے مونوگرو علاقہ میں برقی پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔ بعد میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ ان کی حکومت نے ایک سال کے عرصہ میں برقی کے بحران پر قابو پالیا ہے اور 2017 تک تلنگانہ برقی کی پیداوار میں فاضل ریاست کا موقف اختیار کرلے گی۔ نہ صرف ریاست کی اپنی ضرورتوں کی تکمیل ہوگی بلکہ دیگر ریاستوں کو برقی فروخت کرنے کے موقف میں آجائے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ آنے والے دنوں میں تلنگانہ میں برقی کی کوئی کٹوتی نہیں رہے گی۔ صنعتی شعبہ کیلئے برقی کی کٹوتی نہیں ہوگی اس کے علاوہ گھریلو اور زرعی صارفین کیلئے موثر سربراہی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس بات کی کوشش کررہی ہے کہ موسم گرما میں برقی کی کوئی کٹوتی نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ کھمم میں قائم کئے جانے والے پاور پلانٹ میں آئندہ تین برسوں میں 1080میگاواٹ برقی تیار کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں مزید نئے برقی پراجکٹس قائم کئے جائیں گے جس پر حکومت 91ہزار 500کروڑ روپئے خرچ کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برقی پراجکٹ کے ذریعہ حکومت 24000 میگاواٹ برقی کی تیاری کا منصوبہ رکھتی ہے۔ چندر شیکھر راؤ نے برقی کے بحران پر قابو پانے کیلئے حکومت کی کامیاب مساعی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح ٹی آر ایس حکومت نے خود کو ایک کارکرد حکومت کے طور پر عوام کے سامنے پیش کیا ہے اور حکومت عوامی مسائل کی یکسوئی کے ایجنڈہ کے ساتھ کام کررہی ہے۔ چیف منسٹر نے کھمم کے 9منڈلوں کے آندھرا پردیش میں انضمام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ حکومت ان منڈلوں کے مواضعات کو نہ صرف برقی سربراہ کررہی ہے بلکہ عوامی مسائل کی یکسوئی کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بھدراچلم کے تحت آنے والے کئی مواضعات کو آندھرا پردیش میں ضم کردیا گیا۔ اس مسئلہ پر وہ وزیر اعظم نریندر مودی سے نمائندگی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش حکومت ان مواضعات کی ترقی پر کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے۔ کے سی آر نے امید ظاہر کی کہ چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو بھدراچلم کے مواضعات کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کریں گے اور آندھرا پردیش کے دیگر علاقوں کی ترقی کی طرح ان علاقوں کی ترقی کو یقینی بنایا جائے گا۔