تلنگانہ اور سیما آندھرا میں 2 جون کو مالیہ کی تقسیم

حیدرآباد 6 مئی (سیاست نیوز) متحدہ آندھراپردیش میں ماہ مئی کے لئے اصول کردہ اضافی قدر ٹیکس 2 جون کو نئی ریاست تلنگانہ کے قیام کے فوری بعد دونوں ریاستوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ ماقبل تقسیم بجٹ وسائل محدود ہونے کے باعث نئی اور پرانی ریاستوں کی حکومتوں کے لئے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے علاوہ دیگر مالیاتی مصارف کو پورا کرنا مشکل ہوجائے گا اِس لئے فی الحال اضافی قدر ٹیکس کے ذریعہ آنے والی رقم کو دونوں ریاستوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ اِس سال فروری میں اسمبلی نے علی الحساب بجٹ منظور کیا تھا۔ اضافی قدر ٹیکس کے ذریعہ 62 ہزار کروڑ روپئے وصول ہوئے ہیں جو جملہ ٹیکس مالیہ کا 73 فیصد ہے۔ اِس کا تخمینہ 84750 کروڑ ہوتا ہے۔ اِس ماہ وصول کردہ اضافی قدر ٹیکس 8 ہزار کروڑ روپئے کا ہے جنھیں 2 جون کو نئی ریاستوں میں تقسیم کیا جائے گا تاکہ یہ ریاستیں اپنے مصارف پورے کرسکیں۔ 2 جون کے بعد سے تمام تاجروں کو اپنی متعلقہ حکومتوں کے پاس اضافی قدر ٹیکس جمع کرانا ہوگا۔ جولائی سے ہی دونوں ریاستوں میں اضافی قدر ٹیکس کی وصولی کا اصل موقف واضح ہوجائے گا۔ تاہم تلنگانہ میں سب سے زیادہ اضافی قدر ٹیکس وصول کیا جاتا ہے۔