تلگودیشم کے مکتوب سے تقسیم ریاست کا دعویٰ شرمناک بات : جی سکھیندر ریڈی
حیدرآباد 23 فروری (سیاست نیوز) علاقہ جات تلنگانہ و سیما آندھرا سے تلگودیشم پارٹی ہرگز کامیابی حاصل نہیں کرے گی بلکہ دونوں ہی علاقوں سے تلگودیشم پارٹی کا مکمل صفایا ہوجائے گا۔ آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے رکن پارلیمنٹ کانگریس پارٹی (حلقہ لوک سبھا نلگنڈہ) مسٹر جی سکھیندر ریڈی نے یہ بات کہی اور صدر تلگودیشم پارٹی مسٹر این چندرابابو نائیڈو کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ محض تلگودیشم پارٹی کے دیئے ہوئے مکتوب کی وجہ سے ہی علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل عمل میں آنے کا تلگودیشم قائدین علاقہ تلنگانہ کی جانب سے ادعا کرنا انتہائی شرم کی بات ہے
کیونکہ ریاست کی تقسیم کی مخالفت کرتے ہوئے علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کو روکنے کیلئے صدر تلگودیشم پارٹی مسٹر این چندرابابو نائیڈو نے کن کن قائدین سے ملاقات کرکے ان کے پیر پڑے جیسے کئے ہوئے اقدامات سے ہر کوئی بخوبی واقف ہیں۔ بالخصوص علاقہ تلنگانہ کے عوام نہ صرف واقف ہیں بلکہ آئندہ انتخابات میں تلگودیشم پارٹی کو علاقہ تلنگانہ میں بہتر سبق سکھانے کا بھی فیصلہ کرچکے ہیں جس کے پیش نظر مسٹر این چندرابابو نائیڈو اور ان کا ساتھ دینے والے تمام قائدین (بشمول سیما آندھرا و تلنگانہ قائدین) کا مستقبل مکمل طور پر تاریک ہوکر رہ جائے گا۔ مسٹر سکھیندر ریڈی نے تلگودیشم پارٹی کے تلنگانہ قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ ڈوبنے والی کشتی میں سوار ہوکر اپنا سفر جاری رکھنے کے بجائے اس کشتی سے فوری طور پر باہر نکل آئیں تاکہ بہتر سیاسی مستقبل کو یقینی بناسکیں۔ اُنھوں نے تلگودیشم قائدین کے بیانات کا مضحکہ اُڑایا اور کہاکہ محض صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی نے بے باک انداز میں علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل عمل میں لانے کا فیصلہ کیا تھا اور اپنے اس فیصلہ پر اٹل رہتے ہوئے کسی قائد کی نمائندگی کو قبول نہ کرتے ہوئے تلنگانہ ریاست کی تشکیل کو یقینی بنایا۔