تلنگانہ اور سیما آندھرا چیف منسٹرس کی حلف برداری میں تاخیر

نئی ریاستوں کیلئے 2 جون یوم تاسیس کی تاریخ مقرر

حیدرآباد۔/9مئی، ( سیاست نیوز) مرکزی حکومت کی جانب سے تلنگانہ ریاست کے قیام کی تاریخ میں تبدیلی نہ کرنے کے اعلان کے بعد تلنگانہ و سیما آندھرا ریاستوں کے چیف منسٹرس کو حلف برداری کیلئے 2جون تک انتظار کرنا پڑے گا۔ مرکزی حکومت نے دونوں ریاستوں کے قیام کیلئے 2جون اپوائنٹیڈ ڈے کے طور پر مقرر کی ہے اور اس سلسلہ میں تبدیلی کیلئے ٹی آر ایس کی جانب سے کی گئی نمائندگی کو قبول نہیں کیا گیا۔ دونوں ریاستوں کے قیام کی تاریخ میں عدم تبدیلی کی اہم وجہ تقسیم کا عمل ہے اور اس کی کوئی سیاسی وجوہات نہیں۔ مرکزی حکومت نے بھی واضح کردیا کہ ریاست کی تقسیم کا عمل تیزی سے جاری ہے لہذا اپوائنٹیڈ ڈے کو 2جون سے قبل مقرر نہیں کیا جاسکتا۔ 16مئی کو اسمبلی اور لوک سبھا کے نتائج منظر عام پر آئیں گے اور تین دن بعد 14ویں ریاستی اسمبلی کی تشکیل کے سلسلہ میں الیکشن کمیشن اعلامیہ جاری کرے گا۔ مشترکہ ریاست میں واحد بڑی پارٹی کے طور پر اُبھرنے والی جماعت تشکیل حکومت کیلئے گورنر کے پاس دعویداری پیش نہیں کرے پائے گی کیونکہ 2جون کو دو نئی ریاستیں وجود میں آرہی ہیں۔ 2جون تک گورنر ای ایس ایل نرسمہن ہی تمام اُمور کی نگرانی کریں گے۔ اس طرح گورنر راج 2جون تک جاری رہے گا۔ انتظامی طور پر دونوں ریاستوں کی کارکردگی کے آغاز کے بعد گورنر دونوں ایوانوں کے اجلاس کی طلبی کیلئے اعلامیہ جاری کردیں گے۔ نئی حکومتوں کی تشکیل تک صدر راج برقرار رہے گا۔ 13ویں اسمبلی کی میعاد 3جون 2009 کو شروع ہوئی تھی جبکہ نتائج کا اعلان19مئی کو کیا گیا تھا۔ توقع ہے کہ دونوں ریاستوں کی نئی اسمبلیاں جون کے پہلے ہفتہ میں اجلاس منعقد کریں گی جہاں عبوری اسپیکر کی جانب سے ارکان کو عہدہ کا حلف دلایا جائے گا۔ دونوں ریاستوں میں اکثریت حاصل کرنے والی پارٹی اپنے لیجسلیچر پارٹی اجلاس میں قائد کا انتخاب کرے گی اور تشکیل حکومت کیلئے گورنر سے رجوع ہوگی۔