تلنگانہ اور آندھرا پردیش میںبندکا ملاجلا ردعمل

’یوم برہمی‘ کی تائید لیکن کاروبار کو مزید متاثر کرنے سے تاجرین کا گریز
حیدرآباد۔28نومبر(سیاست نیوز) اپوزیشن جماعتوں کے ’’یوم برہمی‘‘ کا تلنگانہ وآندھرا پردیش میں کوئی اثر نہیں دیکھا گیا اور بعض جماعتوں کا بند پوری طرح ناکام رہا۔ آندھرا و تلنگانہ میں برسراقتدار جماعتوں کی جانب سے کرنسی نوٹوں کی تنسیخ کے حکومت ہند کے فیصلہ کی حمایت کے سبب بند یا احتجاج کا کوئی خاص اثر نظر نہیں آیا۔ دونوں شہروں کے بعض علاقوں میں احتجاجی ریالیاں منظم کرکے حکومت کے فیصلہ کے خلاف مظاہرہ کیا گیا جبکہ شہر میں ٹریفک اور تجارتی سرگرمیاں حسب معمول جاری رہیں۔ حکومت کے فیصلہ کے خلاف اپوزیشن نے ملک گیر سطح پر ہڑتال ‘ بند اور احتجاج کا اعلان کیا تھا لیکن تلنگانہ و آندھرا میں اس کے اثرات نظر نہیں آئے بلکہ سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں۔اپوزیشن کے احتجاج کے پیش نظر پولیس نے ریزرو بینک آف انڈیا کے اطراف سخت انتظامات کئے تھے جہاں اپوزیشن کے مختلف قائدین نے احتجاجی مظاہرے کئے ۔ کانگریس کی جانب سے بڑے پیمانے پر احتجاج منظم کرتے ہوئے ریزرو بینک آف انڈیا کے روبرو مظاہرہ کیا گیا ۔بائیں بازو جماعتوں کی جانب سے سندریا وگنان کیندر سے احتجاجی ریالی منظم کی گئی اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے گئے  تلنگانہ میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے مرکز کی جانب سے نوٹوں کی تنسیخ کے فیصلہ کی حمایت کی ہے اور آندھرا میں تلگو دیشم تو این ڈی اے کی حلیف ہے ۔ وجئے واڑہ اور وشاکھاپٹنم کے بعض علاقو ںمیںبائیں بازو جماعتوں نے احتجاجی ریالیاں منظم کرتے ہوئے عوام کو درپیش مشکلات کو فوری حل کرنے کا مطالبہ کیا۔ دونوں شہروں کے بعض تعلیمی ادارے بند رہے جبکہ مجموعی اعتبار سے تمام تجارتی بازار معمول کے مطابق کھول دیئے گئے ۔ دن میں 11بجے تک سڑکوں پر ٹریفک کچھ کم رہی۔ بعد ازاں سرگرمیاں معمول کے مطابق ہو گئیں کانگریس قائدین کی جانب سے ریزرو بینک آف انڈیا کے روبرو دھرنا منظم کئے جانے کے سبب کچھ دیر کیلئے اس اہم و مصروف ترین سڑک کو بند کردیا گیا تھا۔ اپوزیشن کے بند کی مخالفت اور بازار کھلے رکھنے والوں کو بھارتیہ جنتا پارٹی کے کارکنوں نے تجارتی مراکز پہنچ کر ان کی ستائش کی اور گلپوشی کرتے ہوئے انہیں حکومت کے فیصلہ کا احترام کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ تاجرین نے بتایا کہ نوٹوں کی تنسیخ کے بعد سے کاروبار ابتر ہو چکے ہیں جسکے سبب وہ اپنے کاروبار بند کرتے ہوئے یومیہ آمدنی کو متاثر کرنے کے موقف میں نہیں ہیں اسی لئے بازار کھلے نظر آرہے ہیں۔حیدرآباد وسکندرآباد کے کئی  تاجرین نے ’یوم برہمی‘ کی تائید کی لیکن بند میں حصہ نہیں لیا۔ ذرائع کے بموجب دونوں ریاستوں میں اپوزیشن کی اپیل کے کوئی اثرات دیکھے نہیں گئے لیکن عوامی برہمی برقرار رہنے سے بھی انکار نہیں کیا جا رہا ہے۔ دونوں شہروں میں حسب معمول بینکوں کی خدمات جاری رہیں کہیں بھی بینکوں میں خدمات کی انجام دہی میں خلل کی شکایات موصول نہیں ہوئی۔شہر کے بعض علاقوں میں سڑکیں کچھ گھنٹوں کیلئے سنسان رہیں۔