حیدرآباد۔یکم اپریل، ( پریس نوٹ ) حج کمیٹی آف انڈیا ممبئی نے حج 2015 کے منتخب عازمین کو حج مصارف کی پہلی قسط کے طور پر مبلغ 81ہزار روپئے ادا کرنے، اپنا اصل پاسپورٹ اور ایک عدد کلر فوٹو جمع کروادینے کی ہدایت دی ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے ایک پریس نوٹ میں بتایا ہے کہ تلنگانہ اور آندھراپردیش کے تمام عازمین حج کو ان کے سلیکشن لیٹر روانہ کئے جارہے ہیں ، جس کے ساتھ بینک چالان کی کاپی بھی منسلک ہے۔ یہ سلیکشن لیٹر ان کو تین، چار دن میں وصول ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام منتخب عازمین حج کو 30اپریل سے قبل اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے علاوہ یونین بینک آف انڈیا کی کسی بھی برانچ میں پہلی قسط کی رقم جمع کروادیں۔ اس سال سے عازمین حج کو ای پیمنٹ کے ذریعہ ادائیگی کی بھی سہولت حاصل ہے۔ رقم ادا کرنے کے بعد عازمین چالان کی رسید کے ہمراہ اپنا اوریجنل پاسپورٹ اور فوٹو دفتر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی، حج ہاوز نامپلی حیدرآباد میں داخل کروادیں۔ تفصیلات دفتر حج کمیٹی ( فون نمبر 040-23298793 ) سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔ محفوظ زمروں کے تحت منتخب عازمین سے بھی خواہش کی گئی ہے کہ وہ بھی حج مصارف کی پہلی قسط جمع کروادیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مرکزی حج کمیٹی نے ریاست تلنگانہ کیلئے 2760 نشستوں کا اور آندھرا پردیش کیلئے 2245عازمین کا کوٹہ الاٹ کیا ہے۔ ریاست تلنگانہ سے جملہ 16963 درخواستیں وصول ہوئیں۔ 70 سال یا زائد عمر کے محفوظ زمرہ میں 643 اور چوتھی مرتبہ درخواست دینے والے امیدواروں کے محفوظ زمرہ میں 894 درخواست گذاروں کا قرعہ اندازی کے بغیر ہی انتخاب عمل میں آیا۔ اس طرح محفوظ زمروں میں جملہ 1537 درخواست گذار منتخب ہوئے۔ 1223 امیدواروں کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب عمل میں آیا۔ اسی طرح آندھرا پردیش سے جملہ 3840 درخواستیں وصول ہوئیں اور جملہ 2245 کا کوٹہ ہے جن میں 70سال اور زائد عمر کے 161عازمین اور چوتھی مرتبہ درخواست دینے والے 61عازمین شامل ہیں جن کا قرعہ اندازی کے بغیر انتخاب عمل میں آیا ہے۔ آندھرا پردیش میں عام زمرہ کے تحت2023 عازمین منتخب ہوئے۔