تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے چیف سکریٹریز کا اجلاس

حیدرآباد ۔ 20 ۔ اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ اور آندھراپردیش کے چیف سکریٹریز کا آج حیدرآباد میں اجلاس منعقد ہوا جس میں دونوں ریاستوں کے درمیان متنازعہ مسائل کی یکسوئی پر بات چیت کی گئی۔ چیف سکریٹری تلنگانہ راجیو شرما اور چیف سکریٹری آندھراپردیش آئی وائی آر کرشنا راؤ نے ملازمین کی تقسیم اور دیگر مسائل پر بات چیت کی۔ گزشتہ دنوں دونوں چیف منسٹرس کی گورنر کی موجودگی میں ہوئی ملاقات کے موقع پر طئے کیا گیا تھا کہ آپسی مسائل کی یکسوئی کے سلسلہ میں چیف سکریٹریز ملاقات کریں گے۔ اسی تسلسل کے تحت آج کا اجلاس منعقد کیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ملازمین کی تقسیم سے متعلق کمل ناتھن کمیٹی کی سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔ کمل ناتھن کمیٹی آئندہ دو دنوں میں ریاست کی تقسیم سے متعلق رہنمایانہ خطوط جاری کرسکتی ہے۔ اس اجلاس میں دونوں ریاستوں کے ڈائرکٹر جنرل پولیس کے علاوہ دیگر عہدیداروں نے شرکت کی ۔