تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں حملوں کا اندیشہ

حیدرآباد ۔ 26 ۔ جنوری : ( ایجنسیز ) : مرکزی حکومت نے آندھرا پردیش ارو تلنگانہ کی حکومتوں کو دفاع کے اہم اداروں اور بندرگاہوں پر امکانی دہشت گرد حملوں کے پیش نظر چوکس کیا ہے ۔ ان ریاستوں کو خاص طور پر کہا گیا ہے کہ چوکس رہیں اور حیدرآباد کے اہم دفاعی اداروں جیسے نیوکلیر فیول کامپلکس ( این ایف سی ) واقع نزد ای سی آئی ایل اور آرڈیننس فیکٹری واقع یدو میلارم ، ضلع میدک میں سیکوریٹی انتظامات کو سخت بنائیں ۔ آندھرا پردیش میں ویزاگ اور کاکی ناڈا پورٹس اہم نشانہ پر ہیں ۔ یہ چوکسی اڑیسہ میں دو دن قبل ایک آئی ایس آئی ایجنٹ کی گرفتاری کے بعد کی گئی ہے ۔ اس ایجنٹ کے آندھرا پردیش کے بشمول مختلف ریاستوں کے کئی لوگوں کے ساتھ روابط تھے وہ آندھرا پردیش کے نامعلوم مقامات کے علاوہ دیگر شہروں سے رقم کی منتقلی کروارہا تھا ۔ انٹرم ٹسٹ رینج ( آئی ٹی آر ) ، چاندی پور ، بالاسور ڈسٹرکٹ میں برسر کار کیمرہ پرسن ، ایشور چندرا بیہبرا کو پاکستانی جاسوس ایجنسی آئی ایس آئی کو مزائیل ٹسٹس سے متعلق حساس انفارمیشن فراہم کرنے کے الزامات پر گرفتار کیا گیا تھا ۔ بیہیرا 2007 سے کنٹراکٹ اساس پر آئی ٹی آر میں کیمرہ پرسن کی حیثیت سے کام کررہا تھا اور گذشتہ آٹھ دس ماہ سے جاسوسی سرگرمیوں میں لگا ہوا تھا ۔ اس کے کال ریکارڈس سے انکشاف ہوا کہ وہ کئی لوگوں بشمول آندھرا پردیش کے لوگوں کے ساتھ ربط میں تھا ۔۔