ٹی آر ایس اور تلگودیشم کے عطیہ دہندگان زیادہ تر سیاستداں، الیکشن کمیشن کو اعداد شمار کی روانگی
حیدرآباد۔/26 مئی ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں سیاسی جماعتوں کو عطیات کے حصول کے سلسلہ میں بی جے پی کا موقف ٹی آر ایس اور تلگودیشم سے بہتر رہا ہے۔ 2016-17 میں پارٹیوں کی جانب سے الیکشن کمیشن میں جمع کردہ اعداد و شمار کے مطابق بی جے پی کو عطیات دینے والوں میں خانگی کمپنیاں اور عام آدمی کی تعداد زیادہ ہے جبکہ ٹی آر ایس اور تلگودیشم کے عطیہ دہندگان کی اکثریت سیاسی قائدین پر مشتمل ہے۔ خانگی کمپنیوں اور عام آدمی کی جانب سے تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں بی جے پی کو 5 کروڑ 46 لاکھ روپئے کے عطیات دیئے گئے۔ بی جے پی کے عطیہ دہندگان میں چھوٹی رقم کے ایسے افراد بھی شامل ہیں جنہوں نے اپنے نام مخفی رکھے ہیں۔ الیکشن کمیشن کو پیش کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق ٹی آر ایس اور تلگودیشم کے ایسے عطیہ دہندگان جنہوں نے 20 ہزار سے زائد کا عطیہ دیا ہو اُن میں90فیصد سیاستداں ہیں۔ تلگودیشم کو 20ہزار سے زائد کا عطیہ دینے والوں سے ایک کروڑ 89 لاکھ 69ہزار 997 روپئے حاصل ہوئے۔ جبکہ ٹی آر ایس کو 34 لاکھ 18 ہزار 333 روپئے کا عطیہ حاصل ہوا۔اگر 20 ہزار سے کم کے عطیات کو شامل کیا جائے تو اس رقم میں اضافہ ہوجائیگا۔ کاکیناڈا کی کمپنی سی پورٹ لمیٹیڈ نے بی جے پی کو 5 کروڑ روپئے کا عطیہ دیا ہے۔ تلنگانہ میں نویوگ انجینئرنگ کمپنی حیدرآباد نے بی جے پی کو 30 لاکھ روپئے کا عطیہ دیا۔ بعض اداروں اور افراد نے اگرچہ بھاری رقم ڈونیشن میں دی ہے لیکن اپنے ناموں کو مخفی رکھا ہے۔2016-17 میں الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی، وزیر آبپاشی ہریش راؤ ، وزیر ٹرانسپورٹ مہیندر ریڈی، ارکان اسمبلی، ارکان کونسل اور آر ٹی سی کے صدرنشین ایس ستیہ نارائنا ٹی آر ایس کے عطیہ دہندگان میں شامل ہیں۔ ورنگل سے تعلق رکھنے والے کونڈہ سریکھا اور ان کے شوہر کونڈہ مرلیدھر راؤ نے فی کس ایک لاکھ روپئے کا عطیہ دیا۔ تلنگانہ میں 25 عطیہ دہندگان میں 22 سیاستداں ہیں۔ آندھرا پردیش میں تلگودیشم کو عطیہ دینے والوں میں وزیر بلدی نظم و نسق پی نارائنا نے اپنے ارکان خاندان کے ساتھ 25 لاکھ روپئے کا عطیہ دیا۔ رکن پارلیمنٹ جی جئے دیو، سابق مرکزی وزیر اشوک گجپتی راجو اور وزیر تعلیم جی سرینواس راؤ کے نام بڑے عطیہ دہندگان میں شامل ہیں۔ چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کے برادر نسبتی اور فلم ایکٹر بالا کرشنا نے 50 ہزار روپئے کا عطیہ دیا۔ ہندوستان بھر میں بی جے پی ڈونیشن کے اعتبار سے سب سے دولتمند پارٹی کے طور پر اُبھری ہے جس کی آمدنی 1034 کروڑ تک پہنچ گئی ہے۔