تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں ایس ایس سی امتحانات ایک ہی نوعیت کا ٹائم ٹیبل مرتب کرنے سے اتفاق

حیدرآباد ۔ 21 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ میں امتحانات ایس ایس سی کا 24 مارچ سے آغاز متوقع ہے ۔ اس سلسلہ میں محکمہ سرکاری امتحانات و بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن نے منصوبہ جات مرتب کیے ہیں ۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات کہی اور بتایا کہ امتحانات ایس ایس سی کا انعقاد عمل میں لانے کے لیے طلباء اور اسکول انتظامیہ کو 220 دن مدرسہ کے ایام کار مکمل کرنا ضروری ہوتا ہے ۔ لہذا امتحانات ایس ایس سی کے انعقاد کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں ۔ اسی ذرائع کے مطابق ریاست آندھرا پردیش میں بھی 24 مارچ سے ہی امتحانات ایس ایس سی منعقد کئے جانے کا قوی امکان پایا جارہا ہے اور اس سلسلہ میں ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ اس طرح دونوں ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں ایک ہی نوعیت کا ٹائم ٹیبل مرتب کر کے امتحانات منعقد کرنے پر دونوں ہی ریاستیں اپنی رضا مندی کا اظہار کرنے سے سنجیدہ دکھائی دے رہے ہیں کیوں کہ دونوں ریاستوں میں ایک ساتھ ہی امتحانات منعقد کئے جانے کی صورت میں امتحانی پرچوں کے تعلق سے پیدا ہونے والے مختلف نوعیت کے مسائل کی بھی یکسوئی ممکن ہوسکے گی ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس سلسلہ میں حکومت آندھرا پردیش کی جانب سے ریاست تلنگانہ کو تجاویز حاصل ہوئی ہیں ۔ لہذا مذکورہ تاریخ کی مناسبت سے ہی امتحانات منعقد کرنے کی منظوری کے حصول کے لیے متعلقہ فائل حکومت کو روانہ کردی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ حکومت کی جانب سے مدارس کے لیے تعطیلات پروگرام کو قطعیت نہیں دی گئی ہے ۔ لہذا مدارس کو تعطیلات کے پروگرام کا اعلان کئے جانے کے ساتھ ہی امتحانات ایس ایس سی کے قطعی ٹائم ٹیبل کا اعلان کیا جائے گا ۔۔