تلنگانہ اور آندھرا طلبہ کی شناخت کے بعد ہی فیس بقایاجات کی ادائیگی

جگدیش ریڈی وزیر تعلیم تلنگانہ کی وضاحت
حیدرآباد۔ 3 اگست (سیاست نیوز) وزیر تعلیم حکومت تلنگانہ مسٹر جگدیش ریڈی نے واضح طور پر کہا کہ طلباء و طالبات میں کون تلنگانہ سے تعلق رکھتے ہیں اور کون تلنگانہ سے تعلق نہ رکھتے ہوں، واضح ہونے کے بعد ہی فیس کے بقایاجات ادا کئے جائیں گے اور صورتِ حال واضح ہونے تک فیس کے بقایات ادا نہیں کئے جاسکیں گے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ انجینئرنگ طلباء و طالبات کے بقایاجات ادا کرنے کا انجینئرنگ کالجوں کے مینجمنٹ کی جانب سے مطالبے کئے جارہے ہیں، لیکن فی الوقت یہ تمام بقایات ادا کرنے کے موقف میں حکومت نہیں ہے۔ مسٹر جگدیش ریڈی نے واضح طور پر کہا کہ تلنگانہ ریاست میں عوام کے حالات زندگی کی تفصیلات سے واقفیت حاصل کرنے کیلئے بہت جلد ایک سروے کیا جائے گا اور اس سروے کے بعد ہی تمام صورتِ حال و حالات واضح ہوجائیں گے اور اس کے بعد ہی فیس ادائیگی کا مسئلہ بھی واضح ہوجائے گا۔ مسٹر جگدیش ریڈی نے آندھرا پردیش حکومت کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ایمسیٹ کونسلنگ کے مسئلہ پر اپنی جلد بازی کا مظاہرہ کررہی ہے لیکن اس مجوزہ کونسلنگ سے تلنگانہ طلباء کا کوئی تعلق نہیں رہے گا کیونکہ تلنگانہ حکومت علیحدہ طور پر ایمسیٹ کونسلنگ کے اقدامات کرے گی۔