حیدرآباد27مئی (یو این آئی) دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش کے کئی مقامات پر کل رات بارش ہوئی ۔بعض مقامات پر گاڑیوں پر کھمبے گر گئے ۔درختوں کے گرنے کے سبب بجلی کی سپلائی میں رکاوٹ ہوگئی ہے ۔تلنگانہ کے جوگولامبا گدوال ضلع کے اٹکیال کے حدود میں طوفانی ہواوں کے ساتھ بارش ہوئی جس کے سبب کئی درخت گر گئے ۔ایراولی چوراہا جانے والے راستہ کے پانچ کیلومیٹر تک گاڑیاں رُک گئیں کیونکہ سڑک پردرخت ا ورکھمبے گر گئے تھے ۔پولیس نے جے سی بی مشینوں کی مدد سے ان کھمبوں کو وہاں سے ہٹایا۔ونپرتی ضلع کے آتماکور منڈل کے بالاکرشناپور میں بارش کے سبب کھمبے گر گئے ۔ضلع کھمم میں ایک گھنٹہ تک بارش ہوئی ۔میوری سنٹربس اسٹینڈسنٹر میں دکانات میں پانی داخل ہوگیا ۔سڑکوں پر پانی کے جمع ہونے کے سبب بعض گاڑیاں فیل ہوگئیں۔وشاکھاپٹنم میں بارش کے سبب تلگودیشم کے سالانہ پروگرام مہاناڈو کے لئے کی گئی تیاریاں متاثر رہیں۔بعض خیمے بھی گر گئے ۔نندی گاما، امراوتی،تولور منڈلوں میں بجلی گر نے کا امکا ن ہے ۔ اس سلسلہ میں محکمہ موسمیات نے وارننگ دی ہے ۔عوام کو چوکس رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔شہر حیدرآباد اور دوسرے علاقوں میں کل رات بارش کے باوجود آج دن کے درجہ حرارت میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں ہوئی ۔دن میں شدید ترین گرمی سے لوگوں کا بُراحال ہے ۔محکمہ موسمیات نے انتباہ دیا ہے کہ تلنگانہ میں گرمی کی لہر مزید چند دن برقرار رہے گی۔