حج ہاؤز میں دونوں تقاریب کے تمام انتظامات مکمل، نتائج کا انٹرنیٹ اور موبائیل پر اعلان
حیدرآباد ۔ 17 مارچ (پریس نوٹ) ریاست تلنگانہ کے عازمین حج کی قرعہ اندازی چہارشنبہ 18 مارچ کو 11 بجے دن احاطہ حج ہاؤز نامپلی میں منعقد ہوگی۔ تلنگانہ کی قرعہ اندازی کا جناب محمد محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر افتتاح کریں گے۔ مسٹر بنڈارو دتاتریہ مرکزی وزیر محنت و روزگار، مسٹر ایم ایس پربھاکر راؤ ایم ایل سی اور جناب جعفر حسین معراج ایم ایل اے کے علاوہ جناب سید عمر جلیل اسپیشل سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود، جناب محمد جلال الدین اکبر بحیثیت مہمانان اعزازی شرکت کریں گے۔ آندھراپردیش کی قرعہ اندازی کا مسٹر پلے رگھوناتھ ریڈی وزیراقلیتی بہبود 3 بجے سہ پہر افتتاح کریں گے۔ اس تقریب میں جناب شیخ محمد اقبال اسپیشل سکریٹری و کمشنر محکمہ اقلیتی بہبود مہمان خصوصی ہوں گے۔ پروفیسر ایس اے شکور ان دونوں تقاریب کی صدارت کریں گے۔ قرعہ اندازی کمپیوٹرائزڈ اور ضلع واری بنیاد پر ہوگی۔ جلسہ گاہ میں قرعہ کے نتائج کے ڈسپلے کیلئے بھی مؤثر انتظامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس مرتبہ قرعہ اندازی کو انٹرنیٹ یا موبائیل فون پر ویب سائیٹ htttp://telanganahajcommitte.blogspot.in پر جاری کیا جائے گا۔ خواہشمند عازمین سے شرکت کرنے اور بچوں کو ساتھ نہ لانے کی خواہش کی گئی ہے۔ مرکزی حج کمیٹی نے ریاست تلنگانہ کیلئے 2760 نشستوں کا اور آندھراپردیش کیلئے 2245 عازمین کا کوٹہ الاٹ کیا ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے بتایا کہ حج 2015ء کے لئے ریاست تلنگانہ سے جملہ 16963 درخواستیں وصول ہوئیں۔ اصل کوٹہ 2621 کا ہے اور 139 فاضل نشستیں زائد حاصل ہوئیں۔ اس طرح تلنگانہ کو جملہ 2760 کا کوٹہ ملا ہے۔ اس کوٹہ میں سے 70 سال یا زائد عمر کے محفوظ زمرہ میں 643 اور چوتھی مرتبہ درخواست دینے والے امیدواروں کے محفوظ زمرہ میں 894 درخواست گذاروں کا قرعہ اندازی کے بغیر ہی انتخاب عمل میں آیا۔ اس طرح محفوظ زمروں میں جملہ 1537 درخواست گذار منتخب ہوگئے۔ اس تعداد کو منہا کرنے کے بعد 1223 امیدوار باقی رہ گئے ہیں جن کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب ہوگا جس کیلئے 15426 درخواست گذار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔ آندھراپردیش سے جملہ 3840 درخواستیں وصول ہوئیں۔ اصل کوٹہ 2132 ہے اور فاضل 113 نشستیں حاصل ہوئیں۔ اس طرح اس ریاست کو جملہ 2245 کا کوٹہ ملا ہے۔ جن میں 70 سال اور زائد عمر کے 161 عازمین اور چوتھی مرتبہ درخواست دینے والے 61 عازمین شامل ہیں جن کا قرعہ اندازی کے بغیر راست انتخاب عمل میں آیا ہے۔ آندھراپردیش میں محفوظ زمروں کے 222 عازمین کی تعداد منہا کرنے کے بعد 2023 نشستوں کیلئے 3618 درخواست گذاروں کے درمیان قسمت آزمائی ہوگی۔