حیدرآباد10دسمبر(یواین آئی) دونوں تلگوریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش میں رات کے درجہ حرارت میں اضافہ ہوگیا ہے ۔نومبر میں سردی کی لہر میں اضافہ دیکھا گیا تھا تاہم دسمبر میں اس لہر میں بتدریج کمی دیکھی جارہی ہے ۔مطلع ابرآلود ہونے کے سبب دونوں جڑواں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں اعظم ترین درجہ حرارت 20ڈگری سلسیس درج کیا جارہا ہے ۔اندرون ایک ہفتہ رات کے درجہ حرارت میں چار ڈگری کا اضافہ ہوگیاہے ۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات کے مطابق مطلع ابرآلود ہونے کے سبب ہی رات کے درجہ حرارت میں اضافہ ہوا ہے ۔یہ رجحان توقع ہے کہ آئندہ چند دنوں تک جاری رہے گا۔عموما دسمبر کے ماہ میں درجہ حرارت 14تا16ڈگری سلسیس ہوتا ہے ۔نومبر میں درجہ حرارت 14ڈگری سلسیس کے قریب درج کیاگیا تھا ۔آئندہ چار دنوں کے دوران درجہ حرارت کے 20ڈگری تک ہونے کا امکان ظاہر کیاگیا ہے ۔دوسری طرف اے پی کے ایجنسی علاقوں میں درجہ حرارت اقل ترین درجہ حرارت میں گراوٹ ہوگئی ہے ۔ سردی سے بچنے کیلئے لوگ گرم کپڑوں اور لحافوں کا استعمال کر رہے ہیں جن کی فروخت میں اضافہ ہوگیاہے ۔