تلنگانہ اور آندھراپردیش ریاستوں میں آل انڈیا سرویسیس عہدیداروں کی تقسیم کا عمل مکمل

کمشنر جی ایچ ایم سی سومیش کمار آندھراپردیش کیلئے مقرر، سید عمر جلیل و محمد عبدالعظیم تلنگانہ جبکہ ایس اے ھدیٰ، شیخ محمد اقبال اور دیگر کا آندھراپردیش کو الاٹمنٹ

حیدرآباد۔/23اگسٹ، ( سیاست نیوز) مرکزی حکومت نے نوتشکیل شدہ ریاست تلنگانہ اور آندھرا پردیش کیلئے آل انڈیا سرویسس کے عہدیداروں کی تقسیم کا عمل مکمل کرلیا ہے۔ دونوں ریاستوں کے چیف سکریٹریز کی موجودگی میں کل رات دیر گئے نئی دہلی میں آئی اے ایس، آئی پی ایس اور آئی ایف ایس عہدیداروں کی دونوں ریاستوں میں تقسیم کا عمل مکمل کرلیا گیا۔ پرتیوش سنہا کمیٹی کی سفارشات اور کمیٹی کی جانب سے طئے کردہ رہنمایانہ خطوط کی بنیاد پر عہدیداروں کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔ تلنگانہ ریاست کیلئے آئی اے ایس (114)، آئی پی ایس (92) اور آئی ایف ایس(56)عہدیدار الاٹ کئے گئے جبکہ آندھرا پردیش کیلئے آئی اے ایس (147)، آئی پی ایس(119) اور آئی ایف ایس (71) عہدیدار الاٹ کئے گئے ہیں۔ عہدیداروں کے الاٹمنٹ کے سلسلہ میں کمیٹی نے پہلے تمام عہدیداروں سے ان کی ترجیح معلوم کی تھی تاہم الاٹمنٹ کے طریقہ کار کے مطابق کئی عہدیداروں کو ان کی ترجیح کے برخلاف دوسری ریاست میں الاٹمنٹ دیا گیا۔ دونوں ریاستوں کے چیف سکریٹریز اور ڈائرکٹر جنرل پولیس کو برقرار رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ہر ریاست سے تعلق رکھنے والے راست آل انڈیا سرویس میں منتخب عہدیداروں کو اسی ریاست کیلئے الاٹ کیا گیا۔ تلنگانہ حکومت کے چیف سکریٹری راجیو شرما اور آندھرا پردیش کے چیف سکریٹری آئی وی آر کرشنا راؤ کو متعلقہ ریاستوں میں برقرار رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ڈائرکٹر جنرل پولیس تلنگانہ انوراگ شرما اور ڈائرکٹر جنرل پولیس آندھرا پردیش جی وی راموڈو کو ان کی موجودہ ریاستوں میں ہی برقرار رکھا گیا۔ آئی ایف ایس کے زمرے میں آندھرا پردیش کے پرنسپال چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ اے وی جوزف کو آندھرا پردیش الاٹ کیا گیا۔ تلنگانہ کے پرنسپال چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ ایس بی ایل مشرا کو بھی آندھرا پردیش کیلئے الاٹ کیا گیا۔آئی اے ایس عہدیداروں میں چیف منسٹر تلنگانہ کے پرنسپال سکریٹری کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ایس نرسنگ راؤ کے علاوہ 1984بیاچ سے تعلق رکھنے والے موجودہ پرنسپال سکریٹری فینانس وی ناگی ریڈی، ہاوزنگ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائرکٹر بی وینکٹیشم اور موجودہ رنگاریڈی کلکٹر این سریدھر، چیف منسٹر کے دفتر میں ایڈیشنل چیف سکریٹری سمیتا سبھروال کو تلنگانہ کیلئے الاٹ کیا گیا ہے۔ آئی اے ایس عہدیداروں کے الاٹمنٹ میں کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن سومیش کمار کا آندھرا پردیش کیلئے الاٹمنٹ ہر کسی کیلئے باعث حیرت ثابت ہوا۔ 1989بیاچ سے تعلق رکھنے والے سومیش کمار نے اگرچہ تلنگانہ کو بطور ترجیح پیش کیا تھا لیکن انہیں آندھرا پردیش الاٹ کردیا گیا۔ آئی اے ایس زمرے میں اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں میں سید علی مرتضیٰ رضوی کو تلنگانہ الاٹ کیا گیا جبکہ سرفراز احمد کو آندھرا پردیش الاٹ کیا گیا۔ بیرونی ریاست سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں میں احمد ندیم کو ان کی ترجیح کے مطابق تلنگانہ الاٹ کیا گیا۔ احمد بابو کو تلنگانہ ترجیح پیش کرنے کے باوجود آندھرا پردیش الاٹ کیا گیا۔ محمد امتیاز کو آندھرا پردیش ریاست کیلئے الاٹ کیا گیا جبکہ سید عمر جلیل تلنگانہ اور محمد عبدالعظیم بھی تلنگانہ کیلئے الاٹ کئے گئے ہیں۔ ان دونوں عہدیداروں نے اپنی ترجیح تلنگانہ پیش کی تھی۔اسی طرح آئی پی ایس عہدیداروں میں ایس اے ھدیٰ (آندھرا پردیش) محمد احسن رضا ( آندھرا پردیش ) شیخ محمد اقبال ( آندھرا پردیش ) اے ایس خان ( آندھرا پردیش ) عبدالقیوم خان ( تلنگانہ )شاہنواز قاسم ( تلنگانہ ) اور تفسیر اقبال کو تلنگانہ الاٹ کیا گیا۔ آئی ایف ایس زمرے کے مسلم عہدیداروں میں محمد جلال الدین اکبر کو تلنگانہ الاٹ کیا گیا جبکہ محمد الیاس رضوی ، محمد دیوان محی الدین اور محمد ابراہیم کو آندھرا پردیش الاٹ کیا گیا ہے۔ عہدیداروں کا یہ الاٹمنٹ عبوری بنیادوں پر ہے اور یہ عہدیدار اپنے الاٹمنٹ کے سلسلہ میں اعتراض کی صورت میں مذکورہ کمیٹی سے رجوع ہوسکتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ آئندہ ماہ کے دوسرے ہفتہ میں عہدیداروں کے الاٹمنٹ کو قطعیت دے دی جائے گی۔