بلس کی ادائیگی کیلئے مطالبات میں شدت، 60 لاکھ کی ادائیگی کو لیکر کمیٹی فکرمند
حیدرآباد۔/12اکٹوبر، ( سیاست نیوز) حج کمیٹی دونوں ریاستوں کی جانب سے بجٹ کی عدم اجرائی کے سبب مشکلات کا سامنا کررہی ہے اور حج کیمپ کے اختتام کے باوجود وہ انتظامات کے بلس ادا کرنے سے قاصر ہے۔ عازمین حج کیلئے قیام و طعام اور دیگر انتظامات کرنے والے ادارے بلس کے لئے حج کمیٹی کے چکر کاٹ رہے ہیں لیکن حج کمیٹی بجٹ کی قلت کے باعث بلس ادا کرنے کے موقف میں نہیں ہے۔ واضح رہے کہ حج کمیٹی کی تقسیم ابھی عمل میں نہیں آئی ہے اور وہ دونوں ریاستوں کیلئے خدمات جاری رکھے ہوئے ہے۔ جاریہ سال حج کیلئے آندھرا پردیش و تلنگانہ کے عازمین حج کمیٹی کے ذریعہ حیدرآباد سے ہی روانہ ہوئے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ آندھرا پردیش حکومت نے حج کمیٹی کیلئے ابھی تک کوئی بجٹ جاری نہیں کیا جبکہ تلنگانہ حکومت نے حج کمیٹی کو انتظامات کیلئے ایک ہی وقت میں 2کروڑ روپئے جاری کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن یہ وعدہ پورا نہ ہوسکا۔تلنگانہ حکومت نے جون تا ستمبر چار ماہ کے بجٹ میں حج کمیٹی کیلئے 36لاکھ 76ہزار روپئے مختص کئے تھے جس میں سے27لاکھ 57ہزار جاری کئے گئے۔ 26ستمبر کو 9لاکھ 19ہزار روپئے بجٹ منظور کیا گیا لیکن یہ ابھی تک حج کمیٹی کے اکاؤنٹ میں نہیں پہنچا۔ حج کیمپ کے انتظامات پر تقریباً 60لاکھ روپئے کے اخراجات ہوئے لیکن حج کمیٹی کے پاس فی الوقت صرف 23لاکھ روپئے اکاؤنٹ میں موجود ہیں۔ حکومت نے پہلی قسط کے طور پر جو رقم جاری کی تھی اس میں حج کمیٹی کے ملازمین کی تنخواہیں بھی شامل ہیں۔ تنخواہوں کیلئے ہر ماہ تقریباً ڈھائی لاکھ روپئے ادا کئے جاتے ہیں۔ کیمپ کے اختتام کے بعد سے یہ خانگی ادارے اپنے بلس کیلئے حج کمیٹی کے دفتر کے چکر کاٹ رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ حج کمیٹی بیک وقت ساری رقم ادا کرنے کے موقف میں نہیں لہذا وہ اقساط میں بلس ادا کرنے پر غور کررہی ہے۔ حکومت کی جانب سے جاری کردہ بجٹ میں حج کمیٹی کو کم از کم دو ماہ کی تنخواہیں محفوظ رکھنی پڑتی ہے تاکہ بجٹ کی اجرائی میں تاخیر کی صورت میں ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی میں رکاوٹ نہ ہو۔ اگر حکومت ایک کروڑ روپئے جاری کرے گی تو کمیٹی تمام زیر تصفیہ بلس کی رقم ادا کرسکتی ہے۔ حج کمیٹی کا بجٹ 2کروڑ ہے اور کیمپ کے انعقاد کے وقت ہی بجٹ خرچ ہوتا ہے۔ تلنگانہ حکومت نے موثر انتظامات کیلئے اقساط کے بجائے بیک وقت بجٹ جاری کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن ابھی تک 2کروڑ میں سے 27لاکھ 57ہزار روپئے ہی حج کمیٹی کو جاری کئے گئے جبکہ 9لاکھ 19ہزار کی دوسری قسط کے لئے کمیٹی دفتری اُمور کی تکمیل میں مصروف ہے۔