حیدرآباد،21جون (یواین آئی )تلنگانہ اورآندھراپردیش میں عالمی یوگا ڈے بڑے پیمانہ پر منایا گیا ۔دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش کے مشترکہ گورنر ای ایس ایل نرسمہن ، ان کی اہلیہ اور ارکان خاندان نے حیدرآبا کے راج بھون میںیوگا تقاریب میں حصہ لیا۔اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ آج کے دور میں صحت مندی ضروری ہے ۔صحت کے بغیر دولت بے معنی ہے ۔صحت مند رہنے کے لئے یوگا کرنا بہتر ہوگا۔یوگا کافی آسان ہے اور اس میں زیادہ وقت بھی نہیں لگتا ۔انہوں نے شرکا پر زور دیا کہ وہ یوگا کے لئے سال میں ایک دن وقت نہ نکالیں بلکہ روزانہ یوگا کرتے رہیں تاکہ ہماری صحت بہتر رہے ۔اس موقع پرگورنر نے اپنے ارکان خاندان کے ساتھ یوگا کے آسن کئے ۔تلنگانہ کے اضلاع کے ساتھ ساتھ آندھراپردیش کے گنٹور ،وجئے واڑہ ، وشاکھاپٹنم اور دوسرے علاقوں میں بھی یوگا ڈے منایاگیا ۔گنٹور میں منعقدہ یوگا ڈے کے موقع پراے پی کے وزرا نے شرکت کرتے ہوئے یوگا کی اہمیت کو اجاگر کیا۔تلگو فلموں کے مشہور اداکار و تلگودیشم کے رکن اسمبلی بالاکرشنا نے حیدرآباد کے کاسو برہمانند ریڈی پارک میں یوگا آسن کئے ۔ عالمی یوم یوگا کے موقع پر وہ آج صبح پارک پہنچے اور یوگا آسن کرتے ہوئے تمام کی توجہ اپنی طرف راغب کی۔دوسری طرف شہر حیدرآباد کے گچی باولی اسٹیڈیم میں منعقدہ یوگا ڈے تقریب میں مرکزی وزیر بنڈارودتاتریہ تلنگانہ کے نائب وزیراعلی محمد محمود علی کے علاوہ ریاستی وزرا لکشما ریڈی،مہیندر ریڈی نے شرکت کرتے ہوئے یوگا کیا۔