تلنگانہ اورآندھراپردیش میں شدید گرمی کی لہر

حیدرآباد یکم اپریل (یواین آئی )دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اورآندھراپردیش میں شدید گرمی کی لہر ہے ۔محکمہ موسمیات نے انتباہ دیا کہ گرمی کی لہر میں آئندہ دو تا تین دنو ں کے دوران مزید شدت کا امکان ہے ۔شمالی ہند سے آرہی گرم ہواوں کے سبب گرمی کی لہر میں اضافہ ہوا ہے اور درجہ حرارت معمول سے تین تا پانچ ڈگری زائد درج کیا جارہا ہے ۔بعض مقاما ت پر درجہ حرارت 42ڈگری درج کیا گیا ۔عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ گھروں میں ہی محدود رہیں ۔محکمہ موسمیات نے کہاکہ دونوں ریاستوں میں آئندہ چند دنوں کے دوران درجہ حرارت میں دو تا تین ڈگری کا اضافہ ہوسکتا ہے ۔شدید متاثرہ علاقوں میں تلنگانہ کے اضلاع عادل آبا، میدک کے علاوہ آندھرآپردیش کے کرنول، نندیا ل،وجئے واڑہ شامل ہیں۔لوگ گرمی سے بچنے کے لئے مختلف تدابیر اختیار کر رہے ہیں اور ٹھنڈے مشروبات کے استعمال میں اضافہ ہوگیا ہے ۔دوسری طرف ایر کولرس اور اے سیز کی فروخت میں بھی اضافہ درج کیا گیا ہے ۔گرمی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی بجلی کے استعمال میں بھی اضافہ ہوگیا ہے ۔شہریوں نے شکایت کرتے ہوئے کہاکہ حیدرآباد میں رات اور دن کے اوقات میں غیر اعلانیہ بجلی کی سپلائی میں رکاوٹ ہورہی ہے جس کی وجہ سے ان کو مشکلات کا سامنا ہے ۔