حیدرآباد۔/28نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی انتخابات کیلئے جاری انتخابی مہم کے دوران چوکسی کے باعث حکام نے 100 کروڑ سے زائد رقم ضبط کرلی ہے۔ 27 ستمبر کو ضابطہ اخلاق کے اطلاق کے بعد سے ریاست تلنگانہ میں پولیس نے رقم اور اشیاء کی شکل میں تقریباً 100 کروڑ روپئے ضبط کئے۔ چیف الیکٹورل آفیسر رجت کمار نے پریس کانفرنس میں توثیق کی کہ عہدیداروں کے مطابق پولیس نے اب تک 87.98 کروڑ روپئے رقم،8.86 کروڑ لاگتی غیر قانونی شراب کی ضبطی اور تمباکو اشیاء 7.75 کروڑ لاگتی ضبط کئے گئے۔ انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے کوڑنگل کے مختلف علاقوں میں دھاوے کرتے ہوئے بھاری مقدار میں رقم ضبط کی ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں وضاحت نہیں کی۔ الیکشن کمیشن نے انتخابات کیلئے جاری انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر سے جاری کردہ ایک اور بیان میں بھی انتظامات کو اطمینان بخش قرار دیا گیا۔