تمام اسمبلی حلقوں میں 13 فیصد رائے دہندوں کا اضافہ ، اسٹیٹ چیف الیکٹورل آفیسر رجت کمار
حیدرآباد ۔ یکم ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : اسٹیٹ چیف الکٹورل آفیسر رجت کمار نے کہا کہ انتخابات کرانے کے لیے تلنگانہ الیکشن کمیشن پوری طرح تیار ہے ۔ فہرست رائے دہندگان میں ناموںکی شمولیت کے لیے 19.5 لاکھ درخواستیں وصول ہوئی ہیں جن میں دیڑھ لاکھ درخواستوں کو مسترد کردیا گیا ۔ تمام اسمبلی حلقوں میں جہاں 13 فیصد ووٹوں کا اضافہ ہواہے ۔ وہیں دو اسمبلی حلقوں بھدرا چلم میں 40 فیصد اور اشوا راؤ پیٹ میں 21 فیصد ووٹ میں کمی واقع ہوئی ہے ۔ کسانوں میں سرمایہ کاری چیکس کی تقسیم اور بتکماں ساڑیوں کی تقسیم نئے پروگرامس نہیں ہے پھر بھی سنٹرل الیکشن کمیشن سے مزید وضاحت طلب کی گئی ہے ۔ آج میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے رجت کمار نے کہا کہ ملک کے جن 4 ریاستوں میں انتخابات منعقد ہونے والے ہیں ان ریاستوں سے تشفی بخش کام تلنگانہ میں ہوا ہے ۔ تمام پولنگ اسٹیشن کے لیے درکار الکٹرانک وویٹنگ مشین دستیاب ہیں ۔ اسکے علاوہ مزید 100 پولنگ مراکز کے لیے درکار الکٹرانک مشین فراہم کرنے کے لیے بی ایچ ای ایل پوری طرح تیار ہے ۔ چیف الکٹورل آفیسر نے بتایا کہ فارم 6 کے تحت ریاست بھر میں فہرست رائے دہندگان کے لیے جملہ 19.5 لاکھ نئے درخواستیں وصول ہوئی ہیں جن میں دیڑھ لاکھ درخواستوں کو مسترد کردیا گیا ہے ۔ ان درخواستوں میں 40 فیصد نئے اور 60 فیصد قدیم درخواستیں شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ارونیٹ کافی تیزی سے کام کررہا ہے ۔ فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کے معاملے میں الیکشن کمیشن شفافیت کے ساتھ کام کررہا ہے ۔ اسمبلی سطح پر ووٹوں کی جانچ کی جارہی ہے ۔ رجت کمار نے کہا کہ ہر اسمبلی حلقہ میں 13 فیصد ووٹوں کا اضافہ ہوا ہے لیکن اسمبلی حلقہ بھدرا چلم میں 40 فیصد اور اسمبلی حلقہ اشوراؤ پیٹ میں 21 فیصد ووٹ کم ہوئے ہیں ۔ ریاست میں 4.16 لاکھ معذورین کے ووٹوں کی نشاندہی کی گئی انہیں حق رائے دہی سے استفادہ کرنے کا موقع فراہم کرنے کے لیے خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ رجت کمار نے کہا کہ معذورین کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے کے علاوہ انہیں قطار میں ٹھہرے بغیر ووٹ دینے کی بھی سہولت فراہم کی جائے گی ۔ نابینا رائے دہندوں کو برایل لپی ووٹر کارڈس دینے کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے ۔ چیف الیکٹورل آفیسر رجت کمار رعیتو بندھواسکیم اور بتکماں ساڑیوں کی تقسیم کو ریگولر پروگرام قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ انتخابی ضابطہ اخلاق میں نہیں آتے ۔ لیکن سیاسی جماعتوں نے ان دونوں پروگرامس پر اعتراض جتایا ہے ۔ ان کی شکایتوں کو سنٹرل الیکشن کمیشن سے رجوع کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں انتخابات کے لیے ماحول سازگار ہے اور اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہے ۔ لا اینڈر آرڈر کی برقراری کے لیے سنٹرل الیکشن کمیشن نے ایڈیشنل ڈی جی کو نامزد کیا ہے ۔۔