تلنگانہ اقلیتی کمیشن کا دورہ مکہ مسجد

علیحدہ انجینئرنگ ڈیویژن کے قیام کیلئے صدرنشین قمر الدین کی تجویز

حیدرآباد۔/12 مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی کمیشن نے آج تاریخی مکہ مسجد کا دورہ کرتے ہوئے رمضان المبارک کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ صدر نشین محمد قمر الدین کی قیادت میں بورڈ کے ارکان نے مکہ مسجد کے انتظامات پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے حکومت کو تجویز پیش کی کہ مکہ مسجد میں مستقل طور پر انجینئرنگ سب ڈیویژن قائم کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ہر محکمہ میں انجینئرنگ کا علحدہ سب ڈیویژن ہوتا ہے اسی طرح مکہ مسجد میں بھی انجینئرس اور عہدیداروں پر مشتمل سب ڈیویژن قائم کیا جائے جو فوری طور پر ضروری کاموں کی تکمیل کرے۔ قمر الدین نے ڈائرکٹر آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا اور ڈپٹی کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے ہمراہ مکہ مسجد کے مختلف حصوں میں جاری تعمیری اور مرمتی کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے رمضان کے انتظامات کی جلد تکمیل کی ہدایت دی۔ سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد کی درخواست پر صدرنشین اقلیتی کمیشن نے مکہ مسجد کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیلئے حکومت سے نمائندگی کا تیقن دیا۔ انہوں نے مکہ مسجد کے ہوم گارڈز کی تنخواہوں کے سلسلہ میں بھی نمائندگی کا تیقن دیا۔ اقلیتی کمیشن کے رکن عبدالعظیم ایڈوکیٹ، فاروق علی خاں ایڈوکیٹ، سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد عبدالقدیر صدیقی اور دیگر افراد نے مکہ مسجد میں درکار کاموں سے واقف کرایا۔ صدرنشین کمیشن نے درگاہ حضرت موسیٰ قادری ؒ حسینی علم اور درگاہ حضرت وطن چشتی چمن منگل ہاٹ پر حاضری دی اور قبرستانوں کی حفاظت کیلئے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کو ہدایت دی۔ کمیشن نے شاہی مسجد باغ عامہ کا بھی معائنہ کیا اور مسائل سے واقفیت حاصل کی۔