حکومت سے نمائندگی کا فیصلہ:محمد قمرالدین
حیدرآباد ۔10۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی کمیشن کا اجلاس صدرنشین محمد قمرالدین کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف نمائندگیوں کا جائزہ لیا گیا ۔ کمیشن نے سکندرآباد کے پارسی اسکول کی صد سالہ تقاریب کے لئے حکومت سے فنڈس کی اجرائی کے سلسلہ میں نمائندگی کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں سکریٹری اقلیتی بہبود ایم دانا کشور کو مکتوب روانہ کیا جائے گا ۔ پارسی اسکول کی صد سالہ تقاریب جنوری 2019 ء میں مقرر ہے۔ اقلیتی کمیشن نے اس سے قبل بھی حکومت کو مکتوب روانہ کیا تھا۔ اجلاس میں ضلع کلکٹر حیدرآباد کو سکھ طبقہ کی اراضی کے سلسلہ میں مکتوب روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مہیندرا ہلز میں سکھ طبقہ کی اراضی کا تنازعہ جاری ہے اور کلکٹر سے فوری کارروائی کی خواہش کی جائے گی۔ اجلاس کے بعد فلم نگر میں واقع ایک خانگی اسکول کے مقدمہ کی سماعت کی گئی جس میں فریقین نے شرکت کی ۔ اسکول مینجمنٹ اور درخواست گزار کی سماعت کی گئی اور آئندہ سماعت 20 اکتوبر کو مقرر کی گئی۔ اجلاس میں نائب صدرنشین بی شنکر لوکے اور ارکان محمد ارشد علی خاں ، سریندر سنگھ ، ریٹائرڈ جج ایم اے باسط اور دوسروں نے شرکت کی۔