پولیس اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں کو ضروری ہدایات
حیدرآباد ۔ 3۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی کمیشن کا اجلاس صدرنشین محمد قمرالدین کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں 17 مقدمات کی سماعت کی گئی اور بعض مقدمات میں حاضر ہونے والے پولیس اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں کو ہدایات جاری کی گئیں۔ کمیشن کے ارکان ایم اے عظیم اور ڈاکٹر ودیا شراونتی کے علاوہ ریٹائرڈ جج ایم اے باسط اور ایم اے قدیر صدیقی اڈوائیزر اجلاس میں شریک رہے۔ تلنگانہ میں قضاۃ نظام میں تبدیلیوں سے متعلق مقدمہ کی سماعت میں وقف بورڈ کی جانب سے وقف انسپکٹر نے شرکت کی ۔ درخواست گزار کے بھائی نے کمیشن سے خواہش کی کہ قاضی نجم الدین مرحوم کی جگہ ان کا نام شامل کیا جائے۔ محکمہ اقلیتی بہبود نے قضاۃ سسٹم سے متعلق معاملہ میں جواب داخل کرنے کیلئے وقت مانگا ہے جس پر مقدمہ کی آئندہ سماعت 27 اپریل کو مقرر کی گئی۔ پولیس راجندر نے کے خلاف داخل کی گئی اپیل کی سماعت کے موقع پر انسپکٹر رمیش نے کمیشن کو اپنی رپورٹ پیش کی۔ درخواست گزار محمد علی عرفان نے اپنی شکایت پیش کی۔ مزید سماعت کیلئے مقدمہ کو ملتوی کیا گیا۔ محبوب نگر ، جڑچرلہ اور شمس آباد میں کرسچن چرچ کی جائیدادوں کے تحفظ سے متعلق مقدمہ کی سماعت کی گئی۔ درخواست گزار ایس جے جوزف ، ڈاکٹر دھنراج اور کرسچن کونسل کے نمائندے بھاسکر بنی نے حصہ لیا ۔ ڈسٹرکٹ رجسٹرار محبوب نگر پروین نے انتخابی ڈیوٹی کے پیش نظر رپورٹ پیش کرنے کیلئے وقت مانگا ہے۔ صدرنشین اقلیتی کمیشن نے واضح کردیا کہ چرچ کی جائیادوں کا بہر صورت تحفظ ہونا چاہئے۔ کمیشن نے گولکنڈہ پولیس اسٹیشن میں زیر دوران ایک مقدمہ کی سماعت کی جس میں ایک خاتون نے شوہر کی جانب سے گزارا ادا نہ کرنے کی شکایت کی ہے۔ صدرنشین کمیشن نے سب انسپکٹر ستیش ریڈی کو ہدایت دی کہ والد کے خلاف ایف آئی آر درج کرتے ہوئے آئندہ سماعت کیلئے پیش کیا جائے۔ کمیشن نے سنگا ریڈی محبوب نگر اور بنجارہ ہلز میں اراضیات سے متعلق مختلف شکایتوں کی سماعت کرتے ہوئے متعلقہ محکمہ جات سے رپورٹ طلب کی ہے۔ محبوب نگر کی جامع مسجد کی اراضی پر غیر قانونی قبضہ جات کی شکایت کی گئی تھی ۔ محمد قمرالدین نے کہا کہ عوام مسائل کی یکسوئی کیلئے کمیشن سے رجوع ہوسکتے ہیں۔