تلنگانہ اقلیتی کمیشن کا اجلاس،اقلیتوں کے مسائل کا جائزہ لینے اضلاع کے دورہ کا فیصلہ

حیدرآباد ۔ 25 ۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی کمیشن کا اجلاس صدرنشین محمد قمرالدین کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں کمیشن کو مختلف تنظیموں اور افراد کی جانب سے موصولہ نمائندگیوں کا جائزہ لیا گیا۔ صدرنشین محمد قمرالدین نے کہا کہ اقلیتوں کے مسائل کے حل کیلئے متعلقہ محکمہ جات سے نمائندگی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن مختلف اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے اقلیتوں کے مسائل اور حکومت کی اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لے گا۔ اجلاس میں نائب صدرنشین بی شنکر لوکے اور ارکان محمد ارشد علی خاں، ڈاکٹر ودیا شراونتی ، جی نوریا ، بی کٹیا ، سریندر سنگھ اور محمد عبدالعظیم نے شرکت کی۔ بعد ازاں صدرنشین اقلیتی کمیشن نے بتایا کہ دستور میں کمیشن کو اختیارات حاصل ہیں اور وہ اپنے طور پر اقلیتوں کے مسائل پر کارروائی کرسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مکہ مسجد بم دھماکہ مقدمہ کے سلسلہ میں تلگو دیشم اقلیتی سیل کی جانب سے نمائندگی کی گئی۔ کمیشن نے اس مسئلہ کو ہوم سکریٹری سے رجوع کیا ہے اور اس بات کی سفارش کی ہے کہ این آئی اے کورٹ کے فیصلہ کو چیلنج کیا جائے ۔ کمیشن نے ضرورت پڑنے پر بم دھماکہ کی از سر نو تحقیقات کی سفارش کی ۔