حیدرآباد 22 جون ( پی ٹی آئی ) جنوب مغربی مانسون تلنگانہ میں سرگرم ہوتا جا رہا ہے ۔ ریاست کے کچھ علاقوں میں آج زبردست بارش ہوئی جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے ۔ عادل آباد میں اٹنور کے مقام پر سب سے زیادہ 9 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ عادل آباد ہی میں سرپور تحصیل میں 8 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جنوبی اوڈیشہ اور شمال مشرق کے علاقوں میں ہوا کے دباؤ میں کمی کی صورتحال بنی ہوئی ہے ۔ اس کے اثر سے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران عادل آباد ‘ نظام آباد ‘ کریمنگر ‘ ورنگل اور کھمم اضلاع میں کچھ مقامات پر شدید بارش ہوسکتی ہے ۔ ڈائرکٹر انچارچ حیدرآباد موسمیات سنٹر وائی کے ریڈی نے یہ بات بتائی ۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اسپیشل کمشنر سدا بھارگوی نے کہا کہ فی الحال سیلاب کی کوئی وارننگ نہیں ہے لیکن آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شدید بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔