حیدرآباد ۔ 23 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) اقلیتوں کو روزگار پر مبنی اور مسابقتی امتحانات میں کوچنگ کی فراہمی کیلئے قائم کردہ تلنگانہ اسٹڈی سرکل برائے اقلیت کا 24 ستمبر کو افتتاح عمل میں آئے گا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی 12 بجے دن جامعہ نظامیہ کامپلکس گن فاؤنڈری کی تیسری منزل پر اسٹڈی سرکل کا افتتاح کریں گے۔ حکومت نے پبلک سرویس کمیشن سے لیکر تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن اور دیگر اداروں کے امتحانات کی کوچنگ کیلئے علحدہ اسٹڈی سرکل قائم کیا گیا۔ حکومت نے اگرچہ ایک ہفتہ میں اسٹڈی سرکل کے آغاز کی ہدایت دی تھی تاہم علحدہ عمارت کے حصول میں تاخیر کے سبب اسٹڈی سرکل کے آغاز میں تاخیر ہوئی۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی کے پاس آج منعقدہ اجلاس میں اسٹڈی سرکل کی افتتاحی تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس سرکل کے ذریعہ مرکزی و ریاستی حکومت کے مختلف اداروں میں تقررات کے موقع پر اقلیتی امیدواروں کو ماہر اساتذہ اور پروفیسرس کی نگرانی میں ٹریننگ فراہم کی جائے گی ۔