یکم جون تک کمپیوٹر پر آن لائن ٹسٹ ہوگا، کنوینر پروفیسر ثمینہ فاطمہ کا بیان
حیدرآباد 28 مئی (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں پوسٹ گرائجویٹ انجینئرنگ و فارمیسی کورسیس میں داخلوں کے لئے تلنگانہ اسٹیٹ پوسٹ گرائجویٹ انجینئرنگ کورسیس کامن انٹرنس ٹسٹ "TS PGECET 2017” کا 29 مئی تا یکم جون (آن لائن موڈ یعنی کمپیوٹر کے ذریعہ ٹسٹ) انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔ پروفیسر ایس ثمینہ فاطمہ کنوینر ٹی ایس جی ای سی ای ٹی 2017 نے یہ بات بتائی اور کہاکہ اس ٹسٹ کے ذریعہ ریگولر انجینئرنگ پی جی کورسیس، ٹیکنالوجی، آرکیٹکچر، فارمیسی، (ایم ای ایم ٹیک، ایم فارمیسی اور ایم آرچ) اور گرائجویٹ سطح کی فارم ڈی میں داخلے حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ تلنگانہ اسٹیٹ کونسل برائے اعلیٰ تعلیم کی جانب سے پی جی ای سیٹ عثمانیہ یونیورسٹی کے زیراہتمام منعقد کیا جاتا ہے اور اس ٹسٹ کے کامیاب و پرامن انعقاد کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ پروفیسر ایس ثمینہ فاطمہ نے مزید بتایا کہ 29 مئی کو صبح 10 تا 12 بجے دوپہر انویرانمنٹل مینجمنٹ اور 2 بجے دن تا 4 بجے شام نانو ٹیکنالوجی، 30 مئی 10 بجے صبح تا 12 بجے دوپہر انسٹرومینٹیشن انجینئرنگ کمیکل انجینئرنگ، 2 بجے دن تا 4 بجے تک آرکیٹکچر اینڈ پلاننگ، بائیو میڈیکل انجینئرنگ، میٹالروجیکل انجینئرنگ، 31 مئی کو صبح 10 بجے تا 12 بجے دوپہر تک جیو انجینئرنگ اور جیو انفارمیٹکس، فارمیسی، 2 بجے دن تا 4 بجے شام کمپیوٹر سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور یکم جون کو 10 بجے دن تا 12 بجے دوپہر الیکٹرانکس اینڈ کمیونکیشن انجینئرنگ، بائیو ٹیکنالوجی میکانیکل انجینئرنگ کے لئے ٹسٹ ہوگا۔ جبکہ تلنگانہ اسٹیٹ پی جی ای سیٹ 2017 کے لئے جملہ 37,345 امیدواروں نے اپنے نام رجسٹر کروائے ہیں۔ جن کے منجملہ 29,324 امیدوار حیدرآباد میں بنائے گئے 28 امتحانی مراکز میں اور 8021 امیدوار ورنگل میں قائم کردہ 7 امتحانی مراکز میں ٹسٹ تحریر کریں گے۔ پروفیسر ثمینہ فاطمہ نے بتایا کہ پی جی ای سیٹ 2017 کے نتائج 12 جون کو ویب سائیٹ پر رکھ دیئے جائیں گے۔ ہال ٹکٹس ویب سائٹ http://pgecettsche.ac.in پر دستیاب ہیں اور ڈاؤن لوڈ کئے جاسکتے ہیں۔