تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کی کارکردگی اطمینان بخش اور قابل تقلید

بھوپال میں حج ہاوز کی تعمیر ، رمضان کے بعد افتتاح ، صدر نشین مدھیہ پردیش حج کمیٹی کی پروفیسر ایس اے شکور سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 19 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : مدھیہ پردیش اسٹیٹ حج کمیٹی کے صدر نشین حاجی عنایت حسین قریشی نے آج دفتر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی واقع حج ہاوز نامپلی حیدرآباد کا دورہ کیا اور اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور سے ملاقات کرتے ہوئے حج امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ حاجی عنایت حسین قریشی نے تلنگانہ میں عازمین حج کی روانگی اور حج سے متعلق امور کی تکمیل کے طریقہ کار کی ستائش کی اور کہا کہ یہاں کے انتظامات اطمینان بخش ہیں ، حیدرآباد میں عازمین حج کو جو سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں وہ قابل تقلید ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ کافی عرصہ سے حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ کی کارکردگی کے بارے میں سنتے آئے ہیں اور ان کو حیدرآباد کے دورہ اور یہاں کے حج امور کے تعلق سے معلومات حاصل کرنے کا کافی اشتیاق تھا ، تاکہ یہاں کے انتظامات اور تجربات کی روشنی میں مدھیہ پردیش میں بھی بہتر انتظامات کئے جاسکیں ۔ انہوں نے بتایا کہ بھوپال میں بھی دس کروڑ روپئے کی لاگت سے حج ہاوز کی عمارت تعمیر کی جارہی ہے جو توقع ہے کہ رمضان تک مکمل ہوجائے گی اور بعد رمضان اس کا افتتاح مقرر ہے ۔ ان کے ہمراہ جناب محمد عرفان احمد قومی نائب صدر بھارتیہ جنتا پارٹی اقلیتی مورچہ اور جناب ایف ایس لائق علی قومی نائب صدر بھارتیہ جنتا پارٹی اقلیتی مورچہ بھی موجود تھے ۔ حاجی عنایت حسین قریشی نے بتایا کہ مدھیہ پردیش میں عازمین حج کا کوٹہ 2752 ہے اور ریاستی حج کمیٹی کا بجٹ صرف 70 لاکھ ہے جس میں اضافہ کی کوششیں کی جارہی ہیں اور توقع ہے کہ ریاستی حکومت اس سال یہ بجٹ بڑھا کر دو کروڑ روپئے کردے گی ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے تین ریاستوں کے عازمین حج کی روانگی عمل میں آتی ہے اور عازمین کرام کو روانگی سے 48 گھنٹہ قبل رپورٹ کرنا پڑتا ہے جن کے قیام و طعام اور حج کیمپ سے ایرپورٹ تک منتقلی کے سارے انتظامات تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کرتی ہے جس کا بجٹ دو کروڑ روپئے ہے ، چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ ، ڈپٹی چیف منسٹر الحاج محمد محمود علی کی ذاتی دلچسپی کے باعث حج امور کی پرسکون طریقہ پر تکمیل ہوتی ہے ۔ اسپیشل سکریٹری جناب سید عمر جلیل بھی حج کمیٹی سے متعلق امور کا جائزہ لیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ کا ہر قسم کا تعاون حج کمیٹی کو حاصل ہے ۔ مختلف محکمہ جات اور ادارہ جات کے تعاون سے حج کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا جاتا ہے اور اس بات کی کوشش رہتی ہے کہ عازمین حج کو کسی قسم کی تکلیف یا دشواری نہ ہو ۔ انہوں نے شہریان حیدرآباد کے جذبہ خدمت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وہ عازمین حج کی خدمت کو اپنی سعادت سمجھتے ہیں اور انتظامات میں بڑھ چڑھ کر تعاون کرتے ہیں ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ کا کوٹہ 2760 اور آندھرا پردیش کا کوٹہ 2023 ہے ۔۔