تلنگانہ اسمبلی کی اقلیتی بہبود کمیٹی کا ہفتہ کو اجلاس

حیدرآباد ۔ 24 ۔اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی کی اقلیتی بہبود کمیٹی کا اجلاس 27 اگست کو اسمبلی کے کمیٹی ہال میں منعقد ہوگا۔ کمیٹی کے صدرنشین عامر شکیل رکن اسمبلی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں اقلیتوں کیلئے شروع کئے گئے اقامتی مدارس کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا اور اجلاس کے بعد کمیٹی کے ارکان حیدرآباد اور سکندرآباد میں واقع اقلیتی اقامتی اسکولس کا دورہ کریں گے تاکہ کارکردگی کا برسر موقع جائزہ لیا جاسکے۔ بتایا جاتا ہے کہ اجلاس میں کمیٹی کے مجوزہ دورہ دہلی اور اجمیر کے پروگرام کو قطعیت دی جائے گی۔ ہمدرد یونیورسٹی سے حیدرآباد میں اقلیتی طلبہ کیلئے سیول سرویسز امتحانات کی کوچنگ کے انعقاد کے لئے ایوان کی کمیٹی یونیورسٹی کے دورہ کا منصوبہ رکھتی ہے، جہاں ہمدرد یونیورسٹی سے خواہش کی جائے گی کہ وہ سیول سرویسز کا ایک کوچنگ سنٹر حیدرآباد میں قائم کریں۔ اسی طرح اجمیر کے دورہ کے موقع پر حیدرآبادی رباط کی تعمیر کیلئے اراضی کے الاٹمنٹ کے سلسلہ میں حکومت راجستھان سے بات چیت کا منصوبہ ہے ۔ تلنگانہ حکومت نے 5 کروڑ روپئے سے اجمیر میں حیدرآبادی رباط کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے تاکہ تلنگانہ کے زائرین کو قیام کی سہولت ہے۔