اپوزیشن کے حملوں کا موثر جواب دینے وزراء و ارکان اسمبلی کو چیف منسٹر کی ہدایت
حیدرآباد۔/22ستمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے وزراء اور پارٹی ارکان اسمبلی کو ہدایت دی کہ وہ کل 23ستمبر سے شروع ہونے والے اسمبلی اور کونسل کے اجلاس میں اپوزیشن کے حملوں کا موثر جواب دیں۔ انہوں نے آج وزراء اور ارکان اسمبلی و کونسل کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے مانسون سیشن میں پارٹی کی حکمت عملی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے وزراء کو ہدایت دی کہ وہ پوری تیاری کے ساتھ اجلاس میں شریک ہوں تاکہ وقفہ سوالات اور مباحث کے دوران اپوزیشن کی جانب سے اُٹھائے جانے والے موضوعات کا مدلل جواب دیا جاسکے۔ چیف منسٹر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ حکومت کی جانب سے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے شروع کئے گئے اقدامات کی ستائش کرنے کے بجائے انہیں تنقید کا نشانہ بناکر سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کسانوں کی خودکشی کے مسئلہ پر اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ خودکشی کے واقعات کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جارہا ہے جبکہ زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے حکومت نے جو اقدامات کئے ہیں اس سے کسان مطمئن ہیں۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے وزراء اور ارکان سے کہا کہ وہ اسمبلی اور کونسل میں اپوزیشن کا ڈٹ کا مقابلہ کریں اور مسائل پر پوری تیاری کے ساتھ ایوان میں حاضر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ایوان کی کارروائی میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کرے گی۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر اور حکومت کی آبی پالیسی پر ایوان میں پاور پوائنٹ پریزنٹیشن پیش کیا جائے گا اور اس کے لئے اسپیکر سے اجازت حاصل کی جائے گی۔ چیف منسٹر نے اجلاس کو بتایا کہ وہ مارکٹ کمیٹیوں اور دیگر نامزد عہدوں پر جلد تقررات کریں گے۔ انہوں نے مختلف اداروں کے عہدوں کیلئے وزراء اور ارکان سے تجاویز روانہ کرنے کی خواہش کی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ نامزد عہدوں پر پارٹی کے حقیقی کارکنوں اور قائدین کو مقرر کیا جائے گا۔ انہوں نے وزراء سے خواہش کی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں کارکنوں اور قائدین کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے نام چیف منسٹر کے پاس روانہ کریں۔ اسمبلی اجلاس کے اختتام کے بعد نامزد عہدوں پر تقررات کا عمل شروع کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر تمام اضلاع میں مارکٹ کمیٹیوں کے علاوہ 15کارپوریشنوں اور بورڈز پر تقررات کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ اسی دوران اسمبلی اور کونسل کا مانسون سیشن کل 23ستمبر سے شروع ہوگا۔ صبح 10بجے دونوں ایوانوں کے اجلاس شروع ہوں گے اور سابق صدر جمہوریہ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام اور کانگریس کے رکن اسمبلی آنجہانی پی کشٹا ریڈی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد دونوں ایوانوں کی کارروائی دوسرے دن کیلئے ملتوی کردی جائیگی۔ ایوان کی کارروائی کے التواء کے بعد 12بجے دن بزنس اڈوائزری کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں ایوان کے ایام کار اور پیش کئے جانے والے بلز اور مباحث کیلئے عوامی مسائل کو قطعیت دی جائے گی۔ اسمبلی اور کونسل کے مانسون سیشن کے پیش نظر پولیس کے وسیع تر انتظامات کئے گئے ہیں۔ اسمبلی اور کونسل کے اطراف امتناعی احکامات نافذ کئے گئے۔ پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں نے آج انتظامات کا ریہرسل کیا۔