حیدرآباد 16 اپریل (سیاست نیوز) مظلوم عوام کے حقوق کے بات کرنے پر مجلس بچاؤ تحریک کے خلاف سازشوں کے دور کا آغاز ہوچکا ہے۔ مخالفین مجلس بچاؤ تحریک کے امیدوار کی ناکامی کے لئے سازشیں شروع کرچکے ہیں اور وہ نہیں چاہتے کہ مظلوم عوام کے حقوق کی بات ہو۔ جناب مجید اللہ خاں فرحت امیدوار مجلس بچاؤ تحریک حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ نے آج والٹا ہوٹل کے قریب منعقدہ انتخابی جلسہ عام سے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔ اُنھوں نے بتایا کہ مظلوم عوام جوکہ اپنے حقوق و ترقی کے علاوہ تعلیم و معاشی پسماندگی کے متعلق فکرمند مجلس بچاؤ تحریک کی حمایت کررہے ہیں، یہ بات 20 سال سے حلقہ کی نمائندگی کرنے والوں کو برداشت نہیں ہورہی ہے۔ جناب مجید اللہ خان فرحت نے کہاکہ اب تک تمام حلقوں سے کامیابی کا دعویٰ کرنے والے قائدین یہ کہنے لگے ہیں کہ کہیں بھی چاہے کچھ ہوجائے فرحت خاں کو کامیاب ہونے سے روکا جائے۔ خواہ اِس کے لئے کتنی ہی دولت کیوں نہ خرچ کرنی پڑے۔ تحریک کے امیدوار نے بتایا کہ وہ عوام کے درمیان اُن کی تعلیمی و معاشی پسماندگی کو دور کرنے کے علاوہ اُن کے حقوق دلوانے کے لئے آئے ہیں او
ر عوام میں اُجاگر ہورہے شعور سے قیادت خوفزدہ ہونے لگی ہے۔ جناب مجید اللہ خاں فرحت نے بتایا کہ مجلس بچاؤ تحریک پر الزامات عائد کرنے والے قائدین کو چاہئے کہ وہ تحریک کی جانب سے اُٹھائے گئے سوالات کے جواب دیں اور عوام کو مطمئن کرنے کی کوشش کریں۔ اگر عوام کو خوفزدہ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے اور اُنھیں خریدنے کی مہم چلائی جاتی ہے تو اِس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ اُنھوں نے بتایا کہ مجلس بچاؤ تحریک مظلوم مسلمانوں کے مسائل کے حل کے لئے جدوجہد کررہی ہے اگر تحریک کی راہ میں رکاوٹ ڈالی جاتی ہے تو عوام خاموش تماشائی نہیں رہیں گے۔ فرحت خان نے کہاکہ 20 سال کے دوران حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کی اسمبلی میں شناخت ختم ہوچکی ہے۔ (سلسلہ صفحہ 10 پر)
اگر آئندہ پانچ برسوں کے لئے وہ منتخب ہوتے ہیں تو سارے تلنگانہ میں حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ ’’برانڈ یاقوت پورہ‘‘ ہوجائے گا۔اُنھوں نے بتایا کہ تحریک کی جانب سے جو الزامات مجلسی رکن اسمبلی پر عائد کئے جارہے ہیں اُن الزامات کا جواب دینے کے بجائے مجلسی قیادت رکن اسمبلی کے تحفظ کے لئے کوشاں ہے۔ جناب مجید اللہ خاں فرحت نے کہاکہ نو تشکیل شدہ ریاست تلنگانہ میں مسلم اقلیت کے حقوق اور اُن میں اعتماد کی برقراری کے لئے یہ ضروری ہے کہ ایوان میں مسلمانوں کی بے باک آواز موجود رہے۔ اُنھوں نے مجلسی قیادت سے استفسار کیاکہ وہ کیونکر رکن اسمبلی کا دفاع کررہی ہے؟ جناب مجید اللہ خاں فرحت نے بتایا کہ اِن کے انتخاب کی صورت میں وہ عوام بالخصوص مسلمانوں کے مسائل کے حل کے لئے ضرورت پڑنے پر اسمبلی کے روبرو ’’تحریر اسکوائر‘‘ بنانے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔ حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کی تعلیمی پسماندگی کا تذکرہ کرتے ہوئے اُنھوں نے بتایا کہ موجودہ رکن اسمبلی اسکولس کی جائیدادوں کی فروخت میں ملوث ہیں۔ جناب مجید اللہ خاں فرحت نے بتایا کہ 30 اپریل کو ہونے والے عام انتخابات میںآپ سب کو متحدہ طور پر ہوش و حواس کے ساتھ صحیح رکن اسمبلی کا انتخاب کرنا ہوگا چونکہ اِس مرتبہ کی جانے والی غلطی کے باعث 5 سال تک عوام پر ایک ایسا شخص مسلط ہوجائے گا جو گزشتہ 20 سال سے اپنی صفر کارکردگی کا ریکارڈ رکھتا ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ وہ تعلیمی، معاشی، غذائی، فلاحی اور
بہبودی سرگرمیوں کا منصوبہ لئے عوام کے درمیان ہیں۔ جبکہ 20 برسوں کے دوران اِن شعبہ جات میں کوئی سرگرمی رکن اسمبلی کی جانب سے نہیں چلائی گئی۔ اُنھوں نے بتایا کہ غریب عوام کو قرضہ جات کی فراہمی کو یقینی بنانے سے اگر قیادت کو تکلیف ہوتی ہے تو ایسی قیادت کو مسلمانوں کی قیادت کہا جانا درست نہیں ہے۔ علاوہ ازیں قوم میں شعور کو اُجاگر کرنے انقلاب کو بیدار کرنے کی کوششوں پر اگر کسی کو اعتراض ہوتا ہے تو اُسے بھی قوم کا قائد تصور نہیں کیا جاسکتا۔ جناب مجید اللہ خاں فرحت نے کہاکہ حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کی پسماندگی کا یہ عالم ہوچکا ہے کہ یاقوت پورہ کے باہر اِس علاقہ کے مکین ہونے کا اظہار کرنے سے بھی لوگ پس و پیش کررہے ہیں۔ اس نظریہ کو ختم کرتے ہوئے یاقوت پورہ کو ایک مثالی حلقہ کے طور پر پیش کیا جائے گا۔ فرحت خاں نے بتایا کہ حلقہ اسمبلی میں موجود کرایہ کے مکانات میں رہنے والے مکینوں کے لئے وہ ایک منصوبہ تیار کئے ہوئے ہیں جس کے تحت کرایہ کی کم از کم نصف رقم یا کچھ حصہ حکومت سے کرایہ کے مکان میں رہنے والوں کو دلایا جائے گا۔ اُنھوں نے وعدہ کیاکہ وہ انتخاب کی صورت میں غازی ملت الحاج محمد امان اللہ خان مرحوم کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے عوام کے درمیان رہنا اپنے لئے باعث عزت و فخر محسوس کریں گے۔ جناب مجید اللہ خان فرحت نے خواتین اور بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ 30 اپریل کو رائے دہی میں قطار در قطار ٹھہر کر حصہ لیں تاکہ کسی کو تلبیس شخصی کا موقع نہ ملنے پائے۔ اُنھوں نے بتایا کہ ووٹ کے استعمال کو ایم بی ٹی کے انتخابی نشان ٹی وی کے حق میں یقینی بنائیں چونکہ مجلس بچاؤ تحریک کو حاصل ہونے والا ہر ووٹ یاقوت پورہ کے عوام کی آواز بن کر ایوان میں پہونچے گا۔