تلنگانہ اسمبلی مانسون سیشن کا 23ستمبر سے آغاز

حیدرآباد۔/2ستمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بتایا کہ تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے مانسون سیشن کا 23ستمبر سے آغاز ہوگا اور آج ریاستی کابینہ کے اجلاس میں اس کی منظوری دی گئی۔ اسمبلی سیشن کی مدت سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے مسٹر چندر شیکھرراؤ نے کہا کہ اسمبلی سیشن کیلئے مدت کا کوئی تعین نہیں کیا گیا کیونکہ مسائل کی بنیاد پر اسمبلی سیشن کو کسی مدت کے بغیر جاری رکھنے سے حکومت پس و پیش ہرگز نہیں کرے گی بلکہ جتنے دنوں تک اسمبلی سیشن کو جاری کھنے کا مختلف اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے مطالبہ کیا جائے گا تب تک اسمبلی اجلاس کو جاری رکھنے کیلئے حکومت کو ہرگز کوئی اعتراض نہیں رہے گا۔

وائی ایس آر کا پورٹریٹ اسمبلی سے نکالنے پر احتجاج
حیدرآباد۔/2ستمبر، ( پی ٹی آئی) اپوزیشن وائی ایس آر کانگریس نے ایوان میں آنجہانی چیف منسٹر وائی ایس راج شیکھر کا پورٹریٹ نکال دینے کے خلاف آندھرا پردیش اسمبلی کی کارروائی روک دی۔ آج جیسے ہی کارروائی کا آغاز ہوا وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ارکان راج شیکھر ریڈی کی تصاویر لئے ایوان کے وسط میں پہنچ گئے اور نعرے لگانے لگے۔ اسپیکر کے سیوا پرساد نے قبل ازیں اپوزیشن پارٹی کی تحریک التواء کو منظور نہیں کیا تھا۔