حیدرآباد۔/23ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کی بزنس اڈوائزری کمیٹی (ایوان کی کارروائی کمیٹی) کا اجلاس اسپیکر قانون ساز اسمبلی مسٹر مدھو سدن چاری کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام پارٹیوں کے فلور لیڈرس نے شرکت کی۔ بتایا جاتاہے کہ اسمبلی اجلاس کا 29ستمبر سے دوبارہ آغاز ہوگا اور 10اکٹوبر تک جاری رہے گا۔ جبکہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ اسمبلی اجلاس کا ہر روز 10بجے سے آغاز ہوگا اور 2بجے دوپہر اختتام عمل میں آئے گا۔ علاوہ ازیں تمام اپوزیشن جماعتوں کی خواہش کے مطابق 29 ستمبر کو کسانوں کی خودکشی کے واقعات اور زرعی شعبہ کو درپیش مسائل پر مباحث کا موقع دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ حسب روایت وقفہ سوالات ہوگا اور وقفہ سوالات کے اختتام کے بعد ہی تحریکات التواء پر مباحث ہوں گے۔ اجلاس میں 2تا4 اکٹوبر اسمبلی کو تعطیل دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے مانسون سیشن کا باقاعدہ طور پر آج یعنی 23ستمبر سے ہی آغاز ہوچکا ہے اور آج پہلے دن سابق صدر جمہوریہ ہند ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام مرحوم اور رکن اسمبلی نارائن کھیڑ ضلع میدک مسٹر پی کشٹا ریڈی کے انتقال پر تعزیت پیش کرنے کے بعد ایوان کی کارروائی کو اسپیکر اسمبلی مسٹر مدھو سدن چاری نے 29ستمبر تک کیلئے ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔ 24تا28ستمبر چار دن کے دوران عیدالاضحی ( بقرعید ) اور گنیش وسرجن کے پیش نظر رکھتے ہوئے اسمبلی کی کارروائی کو چار دن کیلئے ملتوی کیا گیا۔